اسلام آباد: چیئرمین قومی احتساب بیورو ( نیب) جسٹس (ر) جاوید اقبال کا کہنا ہے کہ نیب نے احتساب سب کے لیے کی پالیسی کے تحت 503 بدعنوان عناصر سے لوٹی گئی قومی دولت کی واپسی کے لیے کارروائی کی ہے۔
نیب کی جانب سے جارہ کردہ پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ اکتوبر 2017ء سے لے کر ستمبر 2018ء کے اختتام تک بد عنوان عناصر کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
چیئرمین نیب کا بتانا ہے کہ سال 2018ء کے دوران نیب کو 44 ہزار315 شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 1713 شکایات کی ویریفیکیشن، 877 انکوائریاں اور 227 انوسٹیگیشنز کی گئی۔
پریس ریلیز کے مطابق چیئرمین نیب کا کہنا ہے کہ ان کارروایوں کے نتیجہ میں نیب نے قومی دولت لوٹنے والے بدعنوان عناصر سے 2580 ملین روپے کی وصولی کی جو ملک میں بدعنوانی کے خلاف کام کرنے والے کسی بھی ادارے کی کارکردگی سے کہیں بہتر ریکارڈ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ نیب نے مختلف احتساب عدالتوں میں بد عنوانی کے 440 ریفرنسز دائر کیے جبکہ اس وقت احتساب عدالتوں میں قانون کے تحت 1210 ریفرنسز زیر سماعت ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ بات قابل فخر ہے کہ ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ کے لیے کام کرنے والے ادارے نیب کا کردار نہ صرف دیگر اداروں کے لیے رول ماڈل ہے بلکہ پورے سارک ممالک میں نیب کی کارکردگی متاثر کن ہے۔
انہوں نے بتایا کہ نیب کی کارکردگی کی وجہ سے پاکستان میں بدعنوانی کی شرح کا انڈیکس 175ویں پوزیشن سے کم ہوکر 116ویں پوزیشن پر آگیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان وہ واحد ملک ہے جہاں پر بدعنوانی کے انڈیکس میں مسلسل کمی ہو رہی ہے اور بھارت سمیت دیگر سارک ممالک نے پاکستان میں نیب کی کارکردگی کو سراہا ہے۔
پریس ریلیز کے مطابق نیب کو سارک کے اینٹی کرپشن فورم کا بلا مقابلہ چیئرمین منتخب کیا گیا جو نیب کی کاوشوں کی وجہ سے پاکستان کی ایک بڑی کامیابی ہے ۔
مزید برآں پاکستان اور چین نے بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے (ایم او یو) پر بھی دستخط کئے ہیں اور پاکستان اور چین سی پیک منصوبے میں شفافیت یقینی بنانے کے لیے مل کر کام کریں گے۔
چیئرمین نیب کے مطابق پاکستان میں بدعنوانی کے خلاف کام کرنے والا ادارہ نیب بدعنوان عناصرسے لوٹی گئی قومی دولت کی واپسی کو یقینی بنا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پل ڈاٹ، مشال پاکستان، گیلپ اور گیلانی سروے، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل اور ورلڈ اکنامک فورم سمیت کئی بین الاقوامی ادارے نیب کی کارکردگی کے معترف ہیں۔
چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب بلا تفریق بدعنوانی کے خاتمہ کے لیے پرعزم ہے اور ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ کے لیے قانون کے تحت جامع حکمت عملی کے مطابق اقدامات کئے جا رہے ہیں۔