محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں آج سے بارشوں کی پیشگوئی کر دی ہے۔
ملک کے بالائی علاقوں میں مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ داخل ہوگیا ہے، محکمہ موسمیات نے آج سے 23 مئی تک مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
خیبر پختونخوا، پنجاب، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش ہونے کی توقع ہے، اسلام آباد ، مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، لاہور اور گوجرانوالہ میں آندھی اور بارش کا امکان ظاہرکیا گیا ہے۔
چترال، دیر، سوات، مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور اور مردان میں بھی بارش کا امکان ہے،کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور چند مقامات پر ژالہ باری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا اندیشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ مغربی ہواؤں کے ملک میں داخل ہونے کی وجہ سے موسم میں تبدیلی کا امکان ہے۔
