حسین حقانی کی وطن واپسی، نیب نے ایف آئی اے کو خط لکھ دیا


اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) نے امریکہ میں پاکستان کے سابق سفیر حسین حقانی کو وطن واپس لانے کے لیے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو خط لکھ دیا ہے۔

نیب نے ایف آئی اے کو مدد کے لیے لکھے گئے خط کی کاپی سپریم کورٹ آف پاکستان میں جمع کرا دی ہے۔

خط کے متن کے مطابق سپریم کورٹ نے 30 ستمبر کو حسین حقانی کے خلاف نیب کو کارروائی کرنے کا حکم دیا تھا تاہم معلوم ہوا کہ ایف آئی اے پہلے ہی حسین حقانی کے خلاف کارروائی شروع کر چکا ہے جب کہ ایف آئی اے نے ملزم حسین حقانی کے وارنٹ گرفتاری بھی حاصل کر لیے ہیں۔

خط میں کہا گیا ہے کہ نیب حسین حقانی کی وطن واپسی کے لیے ایف آئی اے سے مکمل تعاون کرے گا اور ایف آئی اے ملزم کی وطن واپسی سے متعلق نیب سے رابطہ کرسکتا ہے۔

ایف آئی اے نے امریکہ میں مقیم پاکستان کے سابق سفیر کی گرفتاری کے لیے رواں سال فروری میں انٹر پول سے رابطہ کیا تھا جب کہ سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے میمو گیٹ مقدمے میں پیش نہ ہونے پر حسین حقانی کے وارنٹ جاری کیے تھے۔

حسین حقانی 2008 سے 2011 تک امریکہ میں پاکستان کے سفیر رہ چکے ہیں تاہم میمو گیٹ کا معاملہ سامنے آنے پر حسین حقانی نے بطور سفیر استعفیٰ دے دیا تھا۔


متعلقہ خبریں