بھارت کی ریاستی دہشت گردی جاری، 3 کشمیری شہید

بھارت کی ریاستی دہشت گردی جاری، 3 کشمیری شہید | urduhumnews.wpengine.com

سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی جاری ہے، حالیہ واقعہ کے دوران قابض فوج کی فائرنگ سے تین مزید کشمیری شہید کیے گئے ہیں۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سری نگر کے فتح کدل نامی علاقہ میں میں قابض فوج کی فائرنگ سے تین کشمیری شہید ہوئے ہیں۔ تینوں کشمیری نوجوانوں کو سرچ آپریشن کی آڑ میں شہید کیا گیا۔

بھارتی فوج کی درندگی کے بعد احتجاج کو دبانے کے لیے سری نگر میں تعلیمی ادارے بند اور انٹرنیٹ سروس معطل کر دی گئی ہے۔ کٹھ پتلی انتظامیہ نے کشمیر یونیورسٹی بند اور انٹرنیٹ سروس معطل ہونے کی تصدیق کی ہے۔

بھارت کی جانب سے مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ ماہ ستمبر کے دوران ایک خاتون سمیت 42 کشمیریوں کو شہید، پانچ خواتین کو بیوہ اور 12 بچوں کو یتیم کیا گیا۔

70 برسوں سے مقبوضہ کشمیر میں قابض انڈین فورسز نے ستمبر کے دوران کشمیریوں کی املاک کے خلاف کارروائیاں بھی جاری رکھیں۔ ایک ماہ میں 65 مختلف نوعیت کی املاک تباہ کی گئیں جب کہ 231 کشمیریوں پر تشدد اور 399 کو گرفتار کیا گیا۔

مقبوضہ کشمیر میں کٹھ پتلی انتظامیہ کی آڑ میں بھارت کی جانب سے مقامی حکومتوں کا الیکشن ڈرامہ ناکام ہونے پر بھارتی فورسز جھنجھلاہٹ کا شکار بتائی جاتی ہیں۔ بزرگ کشمیری رہنما سید علی گیلانی سمیت تحریک مزاحمت کی قیادت نے انتخابات کو ڈھکوسلہ قرار دیتے ہوئے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا۔

کشمیریوں کی جانب سے انتخابات میں دلچسپی نہ لینے پر معاملہ کو کامیاب ظاہر کرنے کے لیے وادی میں کرفیو نافذ کر دیا گیا تھا۔ پیر سے شروع ہونے والے انتخابی ڈرامہ کے لیے وادی کو عملا جیل میں بدل دیا گیا۔

حریت پسند کشمیری قیادت کی جانب سے ظاہر کیے گئے ردعمل میں کہا گیا ہے کہ تمام تر حربوں کے باوجود 95 فیصد کشمیریوں نے ڈرامہ انتخابات کا بائیکاٹ کیا ہے۔

بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی مسلسل پامالیوں پر پاکستان کی جانب سے سخت ردعمل ظاہر کیا گیا تھا۔ نیوز بریفنگ کے دوران پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ انڈین فورسز وادی میں کیمیائی ہتھیار استعمال کر رہی ہیں۔

عالمی قوانین کے تحت ممنوعہ کیمیائی ہتھیاروں کے وادی میں استعمال پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد نے عالمی برادری سے معاملہ پر توجہ دینے کا مطالبہ کیا تھا۔


متعلقہ خبریں