پاکستان میں سرکاری اداروں میں کرپشن کے ممکنہ خطرات کے حوالے سے بجلی کی تقسیم کار کمپنیاں (ڈسکوز) سرِ فہرست ہیں، جب کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) دوسرے اور کیپیٹل ڈیویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) تیسرے نمبر پر ہے۔
یہ انکشاف حکومتِ پاکستان کی جانب سے تیار کردہ ’نیشنل رسک اسیسمنٹ آن کرپشن وَلنریبلٹیز اینڈ مٹیگیشن پلان‘ رپورٹ میں ہوا ہے، جس کی تکنیکی سربراہی قومی احتساب بیورو (نیب) نے کی۔
رپورٹ کے مطابق وفاقی سطح پر 10 سرکاری اداروں میں کرپشن کے 56 ممکنہ خطرات اور انتظامی کمزوریوں کی نشاندہی کی گئی ہے، جب کہ ان سے نمٹنے کے لیے مجموعی طور پر 396 اقدامات تجویز کیے گئے ہیں۔
رپورٹ میں پاکستان ایگریکلچرل اسٹوریج اینڈ سروسز کارپوریشن (پاسکو) کو چوتھے، نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کو پانچویں اور پاکستان ریلوے کو چھٹے نمبر پر رکھا گیا ہے۔
اسی طرح بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) ساتویں، پاکستان پوسٹ آٹھویں، سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ نویں اور ایویکیو ٹرسٹ پراپرٹی بورڈ دسویں نمبر پر ہے۔

سرکاری اداروں میں کرپشن کے بڑے خطرات کیا ہیں؟
جائزے میں مختلف سرکاری اداروں میں پائی جانے والی نو مشترکہ انتظامی اور عملی کمزوریوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔
ان میں سرکاری خریداری کے عمل میں بے ضابطگیاں، محصولات کی وصولی میں کمی، مالی ریکارڈ میں عدم مطابقت، سرکاری فنڈز اور اثاثوں کا غلط استعمال، اختیارات کا ناجائز استعمال اور سرکاری اراضی سے متعلق بے ضابطگیاں شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق سرکاری خریداری کے عمل میں غیر شفافیت اور بولیوں میں ردوبدل کا خطرہ تمام 10 اداروں میں موجود ہے، جبکہ محصولات کی وصولی اور مالی ریکارڈ میں عدم مطابقت سے متعلق کمزوریاں نو، نو اداروں میں سامنے آئی ہیں۔
رپورٹ میں یہ بھی نشاندہی کی گئی ہے کہ سرکاری معاہدے طے پانے کے بعد ان پر عمل درآمد کے دوران بھی بدعنوانی کے امکانات موجود رہتے ہیں۔
ان میں معاہدوں کی شرائط میں تبدیلی، منصوبوں کی مدت میں توسیع، کام کی پیمائش اور ضمانتوں کی واپسی جیسے معاملات شامل ہیں، جہاں آزادانہ نگرانی کا فقدان کرپشن کے خطرات بڑھا سکتا ہے۔

25 وفاقی اداروں کا جائزہ، صرف ایک بلند خطرے کے درجے میں
رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر 25 وفاقی اداروں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ان میں سے صرف ایک ادارے کو بلند خطرے، تین کو نمایاں خطرے اور 14 کو درمیانے درجے کے خطرے کا سامنا قرار دیا گیا، جبکہ سات اداروں کو کم خطرے کے درجے میں رکھا گیا۔
کسی بھی ادارے کو انتہائی بلند خطرے کے درجے میں شامل نہیں کیا گیا۔
رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ خطرات کی یہ درجہ بندی کسی ادارے یا اس کے افسران کے خلاف کرپشن یا بدعنوانی میں ملوث ہونے کا فیصلہ نہیں ہے، بلکہ اس کا مقصد ان انتظامی اور عملی کمزوریوں کی نشاندہی کرنا ہے جو بدعنوانی کے امکانات کو بڑھا سکتی ہیں۔
کرپشن کے خطرات کم کرنے کے لیے اقدامات تجویز
نیب کی رپورٹ میں سرکاری اداروں کے نظام کو ڈیجیٹل بنانے، خریداری کے عمل میں شفافیت یقینی بنانے اور اداروں میں میرٹ کی بنیاد پر تقرریوں کی سفارش کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ مختلف سرکاری محکموں کے درمیان ڈیٹا کے تبادلے کو بہتر بنانے اور آڈٹ اعتراضات پر بروقت کارروائی کرنے پر بھی زور دیا گیا ہے۔
رپورٹ میں مجوزہ اقدامات پر عمل درآمد کی نگرانی کے لیے ایک قومی مانیٹرنگ کمیٹی قائم کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔
اس منصوبے کے تحت 60 روز میں اقدامات کا مرکزی رجسٹر تیار کرنے، 90 روز میں ادارہ جاتی منصوبوں کی منظوری دینے اور ہر چھ ماہ بعد وزیراعظم کو پیش رفت رپورٹ پیش کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ان اقدامات کا بنیادی مقصد سرکاری اداروں میں شفافیت، احتساب اور نگرانی کے نظام کو مضبوط بنانا اور کرپشن کے ممکنہ مواقع کو کم کرنا ہے۔
