بلند و بالا پہاڑ، حسین وادیاں اور دلکش نظارے، قدرتی حسن سے مالا مال گلگت بلتستان دنیا بھر میں اپنی خوبصورتی کی وجہ سے پہچانا جاتا ہے لیکن اب یہ خطہ صرف اپنے قدرتی مناظر ہی نہیں بلکہ اپنے باصلاحیت اور تخلیقی لوگوں کی وجہ سے بھی توجہ حاصل کر رہا ہے۔
یہاں کے نوجوان اب جدید ٹیکنالوجی سیکھ کر نہ صرف نئے تجربات کر رہے ہیں بلکہ اپنے علاقے کے مسائل کے حل بھی تلاش کر رہے ہیں۔
گلگت میں قائم ادارہ ’میکستان‘ اس خطے کا یہ نیا تعارف دنیا کے سامنے لانے کی کوشش کر رہا ہے۔ ادارے کا مقصد بچوں کی صلاحیتوں کو نکھارنا اور انہیں جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے اپنے مسائل کے حل تلاش کرنے کے قابل بنانا ہے۔
ایک ایسے وقت میں جب بچوں کا زیادہ وقت موبائل فون، سوشل میڈیا اور ویڈیو گیمز پر گزر رہا ہے میکستان ان بچوں کو ٹیکنالوجی کو صرف تفریح کے بجائے کچھ نیا بنانے، تجربات کرنے اور حقیقی زندگی کے مسائل حل کرنے کے لیے استعمال کرنا سکھا رہا ہے۔
گلگت بلتستان کے بچے اور نوجوان اب روبوٹ بنانا، ڈرون تیار کرنا، کوڈنگ اور مصنوعی ذہانت سیکھنے کے ساتھ متبادل توانائی کے ذرائع پر بھی کام کر رہے ہیں۔

میکستان کی بنیاد انجینئرز احسام اللہ بیگ اور نتاشا نے رکھی۔ یہ ایک ایسا تربیتی مرکز ہے جہاں بچوں کو سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی کی عملی تعلیم دی جاتی ہے۔ یہاں روبوٹکس، کوڈنگ اور مصنوعی ذہانت کی تربیت بھی فراہم کی جاتی ہے۔
یہ ادارہ صرف اپنے مرکز تک محدود نہیں بلکہ اسکولوں اور جامعات کے ساتھ مل کر بھی کام کرتا ہے۔ اس مقصد کے لیے تعلیمی اداروں میں سائنس اور ٹیکنالوجی کی تجربہ گاہیں قائم کرنے، اساتذہ کی تربیت اور طلبہ کے لیے عملی سرگرمیوں پر مشتمل پروگرام منعقد کیے جاتے ہیں۔
احسام اللہ بیگ کی عمر 34 سال ہے۔ وہ تقریباً ایک دہائی تک دنیا کے مختلف ممالک میں کام کرنے کے بعد اپنے آبائی علاقے گلگت واپس آئے جہاں انہوں نے مقامی بچوں اور نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی کی تربیت دینے کا فیصلہ کیا۔
احسان اللہ بیگ نے ’ہم نیوز انگلش ڈیجیٹل‘ سے گفتگو میں کہا کہ لوگ گلگت بلتستان کو صرف اس کی خوبصورتی کی وجہ سے جانتے ہیں لیکن وہ اس تاثر کو تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔
ان کے مطابق علاقے کی دور دراز آبادی اور مختلف مسائل کے پیش نظر وہ چاہتے تھے کہ مقامی لوگ خود ایسے حل تیار کرنے کے قابل ہوں جن سے ان کی زندگی آسان ہو سکے۔
انہوں نے بتایا کہ میکستان میں آنے والے بچوں اور مقامی افراد کو 2 سال تک مفت تربیت دی گئی اور انہیں سیکھنے کے لیے درکار سامان بھی فراہم کیا گیا۔ ان کے مطابق ادارے سے تربیت حاصل کرنے والے کئی افراد اب دوسرے بچوں کو بھی یہ ہنر سکھا رہے ہیں۔
مہنگی تعلیم کے بغیر جدید ٹیکنالوجی کی تربیت
احسام اللہ بیگ کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان میں بہت سے خاندان اپنے بچوں کی مہنگے نجی تعلیمی اداروں میں تعلیم کے اخراجات برداشت نہیں کر سکتے۔ میکستان کا مقصد ایسے بچوں کو بھی جدید ٹیکنالوجی سیکھنے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
احسام اللہ بیگ نے کہا کہ ”یہاں لوگ اپنے بچوں کی اسکول فیس کی مد میں 50 ہزار روپے ادا نہیں کر سکتے اور نہ ہی وہ بیکن ہاؤس جیسے اداروں میں بچوں کو تعلیم دلانے کے اخراجات برداشت کر سکتے ہیں۔“
انہوں نے کہا کہ میکستان والدین کی جیب پر بوجھ ڈالے بغیر بچوں کو ٹیکنالوجی سیکھنے میں مدد دے رہا ہے اور اب یہ ادارہ اسلام آباد میں بھی تربیتی پروگرام منعقد کر رہا ہے جبکہ کراچی میں بھی ایک تربیتی سیشن منعقد کیا جا چکا ہے۔
احسام اللہ کے بقول میکستان میں بچوں کو صرف ٹیکنالوجی نہیں سکھائی جاتی بلکہ انہیں اپنے علاقے کے مسائل کو سمجھنے اور ان کے لیے عملی حل تیار کرنے کی ترغیب بھی دی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں بجلی کی قلت اور موسمیاتی تبدیلی بڑے مسائل ہیں، علاقے کے گلیشیئرز، دریاؤں اور زراعت پر بدلتے موسم کے اثرات مرتب ہو رہے ہیں جبکہ کسانوں کو آبپاشی کے لیے پانی کی دستیابی اور اس کے بہاؤ کی نگرانی کی ضرورت رہتی ہے۔
احسام اللہ نے بتایا کہ اسی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے میکستان میں بچوں کے ساتھ مل کر ’کُل فلو مانیٹر‘ کے نام سے ایک آلہ تیار کیا گیا ہے۔

احسام اللہ بیگ کے مطابق یہ شمسی توانائی سے چلنے والا ایسا آلہ ہے جو بجلی کے روایتی نظام سے منسلک ہوئے بغیر دور سے پانی کی گزرگاہوں میں بہاؤ کی صورتحال بتا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسے ایسے پرزوں سے تیار کیا گیا ہے جو گلگت میں دستیاب ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس منصوبے کے ذریعے بچوں کو یہ سکھایا جا رہا ہے کہ مقامی طور پر دستیاب سامان استعمال کرتے ہوئے بھی ایسے آلات بنائے جا سکتے ہیں جو علاقے کے حقیقی مسائل حل کرنے میں مددگار ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ادارے میں بچے ڈرون بنانے اور قابل تجدید توانائی کے منصوبوں پر بھی کام کر رہے ہیں۔ اس دوران انہیں مل کر کام کرنے، مسائل کی نشاندہی کرنے اور اپنے خیالات کو عملی شکل دینے کی تربیت ملتی ہے۔
لڑکیوں کے لیے مواقع
احسام اللہ نے مزید بتایا کہ میکستان میں لڑکیوں کی شمولیت پر بھی توجہ دی جا رہی ہے، اس مقصد کے لیے ادارے کی شریک بانی نتاشا سمیت کئی خواتین یہاں کام کر رہی ہیں جبکہ تربیت حاصل کرنے والوں میں لڑکیوں کا تناسب تقریباً 30 فیصد ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بعض قدامت پسند گھرانوں میں اب بھی انجینئرنگ اور ٹیکنالوجی کو مردوں سے منسلک شعبے سمجھا جاتا ہے اور لڑکیوں کے ان شعبوں میں کام کرنے کے حوالے سے تحفظات پائے جاتے ہیں۔
تاہم ان کے مطابق حالات تبدیل ہو رہے ہیں اور ادارے کی کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ لڑکیاں ٹیکنالوجی سیکھیں اور اپنے علاقوں کی ترقی میں کردار ادا کریں۔
میکستان درحقیقت دنیا میں گلگت بلتستان کے بارے میں پائے جانے والے تاثر کو تبدیل کرنے کے ساتھ ساتھ وہاں کے نوجوانوں کو بھی اپنی صلاحیتوں کا احساس دلانے کی کوشش کر رہا ہے۔
میکستان کا مقصد گلگت بلتستان کو صرف سیاحت اور قدرتی حسن کے حوالے سے پہچانے جانے والے علاقے کے بجائے تعلیم، تخلیقی صلاحیتوں اور ٹیکنالوجی کے میدان میں بھی متعارف کرانا ہے۔
ادارے کی سرگرمیاں یہ ظاہر کرتی ہیں کہ جدید ٹیکنالوجی سیکھنے اور نئے منصوبے بنانے کے لیے بڑے شہروں یا مہنگی لیبارٹریوں کا ہونا ضروری نہیں۔ مقامی وسائل اور عملی تربیت کے ذریعے بچے بھی ایسے منصوبے تیار کر سکتے ہیں جو ان کی اپنی کمیونٹی کے کام آ سکیں۔
