اسلام آباد: سابق وزیرِ اعظم عمران خان نے 190 ملین پاؤنڈ کے القادر ٹرسٹ کیس میں سزا کے خلاف اپنی درخواست کی سماعت براہِ راست نشر کرنے کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔
انہوں نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ عدالتی کارروائی تک عوام کی براہِ راست رسائی سے شفافیت کو فروغ ملے گا، منصفانہ عدالتی عمل یقینی بنانے میں مدد ملے گی اور ملک کے نظامِ انصاف پر عوام کا اعتماد مضبوط ہوگا۔
پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان نے منگل کو اپنی قانونی ٹیم کے ذریعے ایک متفرق درخواست دائر کی ہے۔ جس میں عدالت سے فوجداری اپیل نمبر 63 برائے 2025 کی سماعت براہِ راست نشر کرنے کا حکم دینے کی استدعا کی گئی ہے۔
عمران خان کی درخواست ان کی قانونی ٹیم کے ارکان بیرسٹر سلمان صفدر اور سلمان اکرم راجا کے توسط سے دائر کی گئی ہے۔
یہ درخواست اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی کرپشن کیس میں سزاؤں کے خلاف دائر مرکزی اپیلوں کی سماعت سے ایک روز قبل دائر کی گئی ہے۔ عدالت نے سابق وزیرِ اعظم اور ان کی اہلیہ کی یہ اپیلیں 25 نومبر کو سماعت کے لیے مقرر کر رکھی ہیں۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل دو رکنی ڈویژن بینچ ان اپیلوں کی سماعت کرے گا۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ اس مقدمے کی کارروائی ایک سابق منتخب وزیرِ اعظم سے متعلق ہے اور اس میں عوامی اہمیت کے متعدد معاملات شامل ہیں، اس لیے عدالتی شفافیت خاص اہمیت رکھتی ہے۔
متفرق درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ وہ شفاف اور منصفانہ عدالتی کارروائی کے اصولوں اور عدالتی اداروں پر عوام کے اعتماد کو برقرار رکھنے کے لیے سماعت براہِ راست نشر کرنے کی اجازت دے۔
عدالتی شفافیت سے متعلق خدشات
درخواست میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کے وکلا نے 18 نومبر کو گزشتہ سماعت کے دوران بھی کارروائی براہِ راست نشر کرنے کی استدعا کی تھی، لیکن عدالت کے عبوری حکم نامے میں اس درخواست کا ذکر نہیں کیا گیا۔
اسی تناظر میں نئی درخواست دائر کی گئی ہے تاکہ یہ استدعا باضابطہ طور پر ہائی کورٹ کے سامنے رکھی جا سکے۔
عمران خان کی درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سماعت براہِ راست نشر ہونے سے عوام عدالتی کارروائی کا خود مشاہدہ کر سکیں گے، قیاس آرائیوں میں کمی آئے گی اور عدالت کے سامنے پیش کیے جانے والے دلائل کی درست رپورٹنگ بھی ممکن ہو سکے گی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر اس درخواست میں عمران خان کی جانب سے دورانِ حراست ان کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک، اہلِ خانہ اور وکلا سے ملاقاتوں پر پابندیوں اور طبی سہولتوں تک رسائی سے متعلق اٹھائے گئے خدشات کا بھی حوالہ دیا گیا ہے۔
درخواست کے مطابق عمران خان نے اڈیالہ جیل میں قید کے دوران بینائی کمزور ہونے، بلڈ پریشر میں اتار چڑھاؤ اور مناسب طبی سہولتیں نہ ملنے کی شکایت کی ہے۔
عدالت میں دائر درخواست میں مزید دعویٰ کیا گیا ہے کہ اصل مقدمے کی سماعت کے دوران فیصلے کا بار بار مؤخر ہونا اور متوقع سزا سے متعلق رپورٹس سمیت کئی اہم واقعات نے عدالتی کارروائی کی رازداری اور شفافیت پر سوالات اٹھائے ہیں۔
درخواست کے مطابق اپیلوں کی سماعت عوام کے لیے قابلِ رسائی ہونے سے ان خدشات کو دور کرنے میں مدد ملے گی اور استغاثہ کے شواہد کا آزادانہ جائزہ لینے کا موقع ملے گا۔
عمران خان کی قانونی ٹیم نے درخواست میں ماضی کی ایسی مثالوں کا حوالہ بھی دیا جن میں پاکستان کی اعلیٰ عدالتوں نے قومی اہمیت کے معاملات سے متعلق مقدمات کی سماعت براہِ راست نشر کرنے کی اجازت دی تھی۔
ان مثالوں میں سابق وزیرِ اعظم ذوالفقار علی بھٹو کے مقدمے سے متعلق سپریم کورٹ کی کارروائی اور سابق فوجی حکمران پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس میں اپیلوں کی سماعت شامل ہیں۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے 2022 میں کمرہ عدالت نمبر 1 میں براہِ راست نشریات کی سہولت متعارف کرائی تھی اور ماضی میں بھی بعض عدالتی کارروائیوں کو عوام کے لیے براہِ راست نشر کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔
عدالت میں دائر درخواست میں آئین کے آرٹیکل 19 اے کا بھی حوالہ دیا گیا ہے۔ یہ آرٹیکل قانون کے تحت مقرر کردہ پابندیوں کے تابع عوامی اہمیت کے معاملات میں شہریوں کو معلومات تک رسائی کا حق دیتا ہے۔
وکیلِ صفائی کا مؤقف ہے کہ اپیلوں کی سماعت براہِ راست نشر کرنا شفاف انصاف کے آئینی اصولوں سے مطابقت رکھتا ہے اور اس سے نہ تو استغاثہ کے مقدمے پر کوئی منفی اثر پڑے گا اور نہ ہی عدالتی کارروائی متاثر ہوگی۔
عدالت نے سماعت براہِ راست نشر کرنے سے متعلق درخواست پر تاحال کوئی فیصلہ نہیں دیا ہے۔
القادر ٹرسٹ کیس
القادر ٹرسٹ کیس میں 190 ملین پاؤنڈ کی مبینہ کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزامات شامل ہیں۔ یہ رقم برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی نے برآمد کی تھی اور عمران خان کے وزارتِ عظمیٰ کے دور میں پاکستان کو واپس کی گئی تھی۔
قومی احتساب بیورو (نیب) نے الزام عائد کیا تھا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی نے برطانیہ سے واپس آنے والی رقم کے معاملے میں سہولت فراہم کرنے کے بدلے ایک پراپرٹی ڈویلپر سے زمین اور دیگر فوائد حاصل کیے۔
احتساب عدالت نے 17 جنوری 2025 کو عمران خان اور بشریٰ بی بی کو اس کیس میں مجرم قرار دیتے ہوئے سابق وزیرِ اعظم کو 14 سال اور ان کی اہلیہ کو 7 سال قید کی سزا سنائی تھی۔
دونوں نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے اپنی سزاؤں کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔
18 نومبر کو ہونے والی گزشتہ سماعت کے دوران بیرسٹر سلمان صفدر نے دلائل کی تیاری کے لیے دو ہفتے کی مہلت مانگی تھی۔ تاہم عدالت نے انہیں ایک ہفتے کا وقت دیا تھا۔
اب مرکزی اپیلوں کی سماعت 25 نومبر کو مقرر ہے۔ جس میں وکلا کی جانب سے ٹرائل کورٹ کے فیصلے کو چیلنج کرنے کا سلسلہ جاری رہنے کی توقع ہے۔
