این اے 124 سے ن لیگ کامیاب ہو گی، شاہد خاقان عباسی



لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ این اے 124 لاہور سے ن لیگ ہی فتح حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہرالیکشن میں صرف ن لیگ کا امیج خراب کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔

ہم نیوز کے پروگرام پاکستان ٹونائٹ میں میزبان ثمرعباس سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رونے دھونے سے نہیں بلکہ حکومت پالیسی سے چلتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عددی برتری سے نہیں کام کرنے سے حکومت قائم رہ سکتی ہے۔

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ وہ یا ان کی جماعت تشدد کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے کیونکہ ہم پرامن لوگ ہیں۔ انہوں نے حکومت اور قومی احتساب بیورو (نیب) کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ریمانڈ کیوں لیا گیا؟ جبکہ شہباز شریف نہ تو بھاگ رہے ہیں اورنا ہی ان پر کوئی الزام ثابت ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب ایسا ادارہ موجود ہو جو کسی ثبوت کے بنا ہر کسی کی پگڑی اچھالے تو ملک تباہ ہی ہوگا اور سیاست دانوں کو نشانہ بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ احتساب کے نام پر صرف مسلم لیگ (ن) کو ہی نشانہ بنایا جارہا ہے، نیب کو سیاست دانوں کو توڑنے کے لیے بنایا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سب کچھ عوام کے سامنے ہے اورانصاف ضرور ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ اب تک نئی حکومت کی کوئی معاشی پالیسی نہیں دیکھی اوراگر ہماری کسی پالیسی پر اعتراز ہے تو ہمیں بتایئں کونسی پالیسی ہے جس میں خرابی تھی؟ انہوں نے کہا کہ ہر چیز کو چلانا پڑتا ہے کیونکہ ہر حکومت کو مسائل اور چلینچز کا سامنا ہوتا ہے لیکن اسے حل کیا جاتا ہے رونے دھونے سے کچھ نہیں ہوتا۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ یہ ایک ناکام حکومت ہے اورآج تک ایسی نااہل حکومت نہیں دیکھی۔ انہوں نے استفسارکیا کہ جب یہ جائیں گے تو ملک کو کیا دے کر جائیں گے؟ انہوں نے کہا کہ حکومتی بجٹ میں کوئی کمی نظر نہیں آئی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر حکومت اپنا بجٹ دیتی ہے لیکن اس حکومت نے تو کچھ بھی نہیں دیا بلکہ ہمارا بجٹ ہی ہمیں واپس کردیا گیا۔

ایک سوال کے جواب میں پی ایم ایل (ن) کے انتخابی امیدوار نے کہا کہ پاکستان کی معیشت پر کام کرنے ضرورت ہے اور اس حکومت کا ٹارگٹ معیشت کی ترقی ہونا چائیے کیونکہ معاشی ترقی ہی ان کی بڑی کامیابی ہوگی۔

اسی حلقے سے کھڑے ہونے والے پاکستان تحریک انصاف پی ٹی آئی کے رہنما غلام محی الدین دیوان نے کہا کہ الیکشن میں کامیاب ہوں یا نا ہوں لیکن اس حلقے کی خدمت کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ مشکلات تو نہیں ہیں لیکن اگر الیکشن مشکل ہو تو ہی مقابلے کا مزہ آتا ہے۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ اگر یہاں نواز شریف بھی آجائیں تو کوئی فرق نہیں پڑتا کیونکہ یہ ان کا حق ہے اور ہمارا تعلق عوام سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر وہ فتح حاصل کرسکے تو اپنی پہلی تنخواہ ڈیمز فنڈ میں دے دیں گے کیونکہ ان کا مقصد عوام کی خدمت ہے۔

انہوں نے اس بات کا شکوہ بھی کیا کہ ن لیگ کی جانب سےصرف عوام کو گمراہ کیا جارہا ہے اور پروپیگنڈا پھیلایا جارہا ہے۔

حلقے کےعوام نے پروگرام میں ملے جلے خیالات کا اظہار کیا جب کہ ن لیگ کے حامیوں کا کہنا تھا کہ ن لیگ کے خلاف انتقامی کارروائیاں ہورہی ہیں اسی لیے ہم ن لیگ کو ہی ووٹ دیں گے۔ پی ٹی آئی کیا کررہی ہے کچھ بھی نہیں، حکومت صرف مزدور طبقے کو تنگ کررہی ہے۔

پی ٹی آئی کے حامی حکومت سے مطمئن بھی نظر آئے اور وہ اپنی جماعت کی جیت کے لیے بھی خاصے پر امید ہیں۔ اب فتح کس کی ہوتی ہے یہ تو وقت ہی بتائے گا؟


متعلقہ خبریں