کراچی: ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر شیخ نے شہر کے پانچ منشیات فروشوں اور خطرناک ملزموں کے سروں کی قیمت مقرر کرنے کی سفارش کر دی ہے اور اس حوالے سے آئی جی سندھ کو خط لکھ دیا ہے۔
خط میں محکمہ داخلہ سندھ سے سفارش کی گئی ہے کہ ملزمان کے سر کی قیمت فی کس دس لاکھ روپے مقرر کی جائے۔ ملزموں میں پی آئی بی کالونی، چنیسر گوٹھ، پختون آباد، مسلم آباد کالونی لانڈھی اور کورنگی کے بدنام زمانہ منشیات فروش شامل ہیں۔
کراچی کے ضلع شرقی کے علاقے پی آئی بی کالونی کے رہائشی خطرناک ملزم احمد علی مگسی کا نام اس فہرست میں سب سے پہلے ہے جبکہ محمود آباد چنیسر گوٹھ کے شہید چوک سے تعلق رکھنے والے فاروق عرف روڑا ولد خان محمد کے سر کی قیمت دس لاکھ روپے رکھنے کی سفارش کی گئی ہے۔
قائد آباد میں مسلم آباد کے رہائشی سید بادشاہ ولد گل داد علی شاہ اور حیات آباد پشاور سے تعلق رکھنے والے کورنگی کے تاج محمد خان ولد گل محمد خان کے سروں کی قیمت بھی دس دس لاکھ روپے مقرر کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ ضلع غربی کے علاقے منگھوپیر پختون آباد کے رہائشی فرمان عرف ملنگی ولد حضرت گل کے سر کی قیمت بھی دس لاکھ روپے تجویز کی گئی ہے۔