سان فرانسسکو: سماجی رابطوں کی سب سے بڑی ویب سائٹ فیس بک انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ سائبر حملے کے سبب پانچ کروڑ اکاؤنٹس متاثر ہوئے ہیں۔
فیس بک انتظامیہ کی جانب سے صارفین کو مطلع کیا گیا ہے کہ اکاؤنٹس کے غلط استعمال اور معلومات تک رسائی کے بارے میں تحقیقات کی جارہی ہیں۔
انتظامیہ نے سائبر حملے میں ملوث افراد سے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحقیقات ابھی ابتدائی مراحل میں ہیں۔
قبل ازیں فیس بک حکام نے کہا تھا کہ رواں ہفتے کمپنی کو اس بات کے اشارے ملے کہ فیس بک کے اکاؤٹس کو ہیک کرنے کی کوشش کی جارہی اور سائبر حملے کے ذریعے اس کا پوشیدہ کوڈ استعمال کرکے صارفین کے اکاؤنٹس تک رسائی حاصل کرنے کا خطرہ ہے۔
مارک زکربرگ نے معاملے کو سنجیدگی سے لینے اور حل نکالنے کا عندیہ بھی دیا تھا۔
انہوں نے کہا تھا کہ کمپنی کی جانب سے فیس بک کے صارفین کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پوری کوشش جاری ہے اور اس کے لیے ٹھوس اقدامات بھی کیے جارہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اتنے خطرناک معاملے کی نشاندہی پہلے ہی مرحلے پر کرلی گئی ہے اور یہ اطمینان بخش بات ہے۔
مارک زکر برگ نے کہا کہ تقریبا 90 لاکھ سے زائد فیس بک صارفین کے اکاؤنٹس لاگ آؤٹ کرائے گئے جو ان کے تحفظ کے لیے ضروری تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں ان لوگوں کی طرف سے مسلسل سائبر حملوں کا سامنا رہتا ہے جواکاؤنٹس پر قبضہ کر کے دنیا بھر سے معلومات چوری کرنا چاہتے ہیں۔ اس لیے بہت ضروری ہے کہ ہم مختلف طریقے اختیار کرتے رہیں تاکہ ایسے واقعات رونما ہی نہ ہوں۔
