عمران خان کو گھر بھیج کر دم لیں گے، شاہد خاقان عباسی


لاہور: سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ انہوں نے بدترین دور میں بھی نوازشریف کا ساتھ نہیں چھوڑا، وہ عمران خان کو واپس گھر بھیج کر دم لیں گے۔ 

این اے 124 میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ایک ماہ میں ملک کے معاملات بگاڑ کر رکھ دیے ہیں، ۔ انہوں نے آتے ہی بجلی اور گیس کی مہنگائی کا بم گرا دیا ہے، 14 اکتوبر کو الیکشن جیت کر جمہوریت کا تسلسل برقرار رکھیں گے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ عوام کو حکومت سے بہت توقعات تھیں لیکن  نئے پاکستان پر قبضہ گروپ مسلط کر دیا گیا ہے۔

حمزہ شہباز نے الزام لگایا کہ سادگی کی باتیں کرنے والے وزیر اعظم عمران خان نے  شاہ خرچیوں کی انتہا کر دی ہے۔  ان کا کہنا تھا کہ انتخابات میں پاکستانی قوم کے ووٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا اور الیکشن میں بدترین دھاندلی کی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ کی حکومت میں ملک بھر میں ترقیاتی کاموں کے جال بچھائے  گئے، لیکن ان کاموں کے لیے عوام سے چندہ نہیں مانگا گیا۔ 

پنجاب کے اپوزیشن لیڈر نے جلسے کے شرکا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ شاہد خاقان عباسی نواز شریف کا سچا سپاہی ہے اور آپنے انہیں ضمنی انتخاب میں کامیاب کرانا ہے۔ 


متعلقہ خبریں