لاہور: قومی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے اتوار کے روز دریائے ستلج اور راوی میں اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ محکمے کا کہنا ہے کہ دریائے ستلج اور راوی سے ملحقہ علاقوں میں 200 ملی میٹر بارش متوقع ہے جس کی وجہ سے ان دریاؤں میں سیلاب کا امکان ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ شدید طوفانی بارشوں کا سلسلہ بھارت سے پاکستان میں داخل ہو رہا ہے اور لاہور سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں ہفتے سے پیر تک بارشوں کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے کی جانب سے متعلقہ اداروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
دوسری جانب جمعہ کی شام پشاور اور نواحی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری ہوئی۔ تیز آندھی کے سبب مردان میں درخت جڑوں سے اکھڑ گئے اور فضا گرد آلود ہو گئی۔
محکمہ موسمیات نے ہفتے اور اتوار کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
آئندہ دو روز تک لاہور، گوجرانوالہ ڈویژن اور کشمیر میں کہیں کہیں جبکہ مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، کوہاٹ، بنوں، ڈی آئی خان، ژوب، سرگودھا، فیصل آباد، راولپنڈی، ساہیوال ڈویژن، اسلام آباد اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیزہواوٗں اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔