نئی دلی: افغانستان کے صدر اشرف غنی بھارت کے سرکاری دورے پر نئی دلی پہنچ گئے ہیں۔
اپنے دورہ کے دوران افغان صدر اشرف غنی بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے علاوہ دیگر رہنماؤں سے ملاقات کریں گے۔
افغان صدر بھارتی حکام کے ساتھ ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات اور سیکیورٹی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔
ذرائع کے مطابق افغان صدر اور بھارتی وزیراعظم کے درمیان ملاقات کے دوران امن کے سلسلے میں کی جانے والی حکومتی کاوشوں پر بھی بات کی جائے گی۔
اس سے قبل افغان صدر نے 24 اکتوبر 2017 کو بھارت کا دورہ کیا اور بھارتی صدر کے علاوہ سیاسی قیادت سے بھی ملاقاتیں کی تھیں۔ اشرف غنی نے ایسے موقع پر بھارت کا دورہ کیا تھا جب امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن مشرق وسطیٰ اور ایشیا کے دورے پر تھے۔
پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی رواں ماہ اپنا پہلا غیر ملکی دورہ افغانستان کا کیا تھا جہاں انہوں نے افغان صدر اشرف غنی اور افغان وزیر خارجہ صلاح الدین ربانی سمیت دیگر سے ملاقاتیں کی تھیں۔
شاہ محمود قریشی نے وزیراعظم کی جانب سے افغانستان کو 40 ہزار ٹن گندم کے تحفہ کا خط بھی دیا تھا۔