العزیزیہ ریفرنس کی سماعت ملتوی

نوازشریف جیل سے اسپتال منتقل، حالت خطرے سے باہر

فوٹو: فائل


اسلام آباد: سابق وزیراعظم نواز شریف و دیگر کے خلاف قومی احتساب بیورو کے دائر کردہ العزیزیہ ریفرنس کی سماعت کل تک ملتوی کر دی گئی ہے۔

منگل کے روز احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک نے کیس کی سماعت کی۔

منگل کو العزیزیہ ریفرنس کیس کی سماعت کے دوران جج کی آمد سے پہلے کمرہ عدالت میں موجود تمام افراد نے فاتحہ پڑھی اور کلثوم نواز کی وفات پر نواز شریف سے افسوس کا اظہار بھی کیا۔

ن لیگ کے صدر شہباز شریف، جاوید ہاشمی، چوہدری تنویر، پرویز رشید، عرفان صدیقی، میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز سمیت دیگر ن لیگی رہنماء بھی کمرہ عدالت میں موجود رہے۔

احتساب عدالت میں غیر رسمی گفتگو کے دوران نواز شریف نے اپنی مرحوم اہلیہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کل تک ہم ان کی صحت یابی کی دعا کرتے تھے آج مغفرت کی دعا کر رہے ہیں۔

نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے عدالت کو بتایا کہ آج امید ہے ہائی کورٹ میں سزا معطلی پر سماعت مکمل ہو جائے گی۔ نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ کل ہماری سپریم کورٹ میں دائر کردہ درخواست پر سماعت تھی اس لیے دلائل مکمل نہیں ہوئے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کو چھ روز بعد احتساب عدالت لایا گیا تو ان کے قافلہ میں بکتر بند گاڑی، جیمرز اور امدادی ٹیمیں بھی شامل تھیں۔

نواز شریف کو اڈیالہ جیل سے 14 ویں بار احتساب عدالت میں پیش کیا گیا۔ بیگم کلثوم نواز کی وفات کے بعد نواز شریف پہلی بار احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔

بیگم کلثوم نواز کی وفات کے باعث نواز شریف کو پیرول پر رہا کیا گیا تھا جس کے سبب وہ گزشتہ چند سماعتوں کے دوران موجود نہیں تھے۔

گزشتہ سماعت میں خواجہ حارث نے واجد ضیاء سے جے آئی ٹی رپورٹ کے والیم ٹین اور ایم ایل اے کے بارے میں پوچھا تھا۔


متعلقہ خبریں