برطانوی وزیر داخلہ کی شاہ محمود قریشی سے ملاقات


اسلام آباد: برطانوی وزیر داخلہ ساجد جاوید نے دفتر خارجہ میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی اوران سے دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

اس سے پہلے پاکستانی نژاد برطانوی وزیر داخلہ ساجد جاوید دو روزہ دورہ پر اسلام آباد پہنچے تو ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ ساجد جاوید دفترخارجہ پہنچے تو وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ان کا استقبال کیا۔ جس کے بعد دونوں رہنماؤں کی ملاقات ہوئی۔

پاکستانی وزیرخارجہ اور برطانوی وزیرداخلہ نے عالمی اور علاقائی سطح پر دوطرفہ تعاون، خطے میں سیکیورٹی کی صورتحال، انسداد دہشت گردی، منظم جرائم کے خاتمے، انسانی اسمگلنگ، منی لانڈرنگ اور لوٹے گئے اثاثوں کی ریکوری کے حوالے سے دونوں ممالک کے درمیان تعاون پر بات چیت کی۔

شاہ محمود قریشی نے اس موقع  پاکستان اور برطانیہ کے درمیان موجود تعلقات کو مزید مضبوط اورکثیر الجہتی اسٹریٹیجک پارٹنرشب میں تبدیل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

پاکستانی وزیر خارجہ نے برطانیہ کے ڈیپارٹمنٹ فار فارن ڈویلپمنٹ کی پاکستان کے سوشیو اکنامک سیکٹر کی ترقی کے لیے ادا کردہ کردار کو سراہا۔

برطانوی وزیر داخلہ نے اس موقع پر برطانوی حکومت کی پاکستان کی نئی حکومت کی معاونت کرنے اور باہمی مفاد کے ہر معاملہ پر مل جل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

برطانوی وزیرداخلہ وزیراعظم عمران خان، صدر مملکت، وزیر قانون اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب سے بھی ملاقات کریں گے۔


متعلقہ خبریں