جلال آباد کا قونصل خانہ آپریشنل کرنے پر اتفاق

فوٹو: فائل


اسلام آباد: پاکستان اورافغانستان نے جلال آباد میں قائم قونصل خانہ دوبارہ آپریشنل کرنے پر اتفاق کرلیا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان طے پایا ہےکہ قونصل خانے کی سیکیورٹی کا معاملہ جلد ازجلد حل کیا جائےگا۔

یہ بات پاکستانی وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے دورہ افغانستان سے واپسی پر جاری کردہ اعلامیہ میں کہی گئی ہے۔ اعلامیہ کے مطابق پاکستان نے افغانستان سےامپورٹ پرریگولیٹری ڈیوٹی ختم کر دی ہے۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ وزیرخارجہ نے دورہ افغانستان میں افغان صدر، چیف ایگزیکٹو اور ہم منصب سے ملاقات کی اور افغان قیادت کو خیر سگالی کاپیغام پہنچایا۔ پاکستانی وزیرخارجہ نے افغان پولیس کو پاکستان میں ٹریننگ دینے کی بھی پیشکش کی۔

پاکستانی دفتر خارجہ سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ملاقاتوں میں افغانستان پاکستان ایکشن پلان پر کام جاری رکھنےپراتفاق ہوا۔

جاری اعلامیہ کے تحت پاکستان کے وزیرخارجہ نے ملاقات میں کہا کہ افغانستان میں امن کےلیے کوششوں کی حمایت کرتے ہیں اورزور دیا کہ دونوں ممالک کو دہشت گردی کے خلاف مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے افغان قیادت سے کہا کہ امن کے لیے سیاسی عمل کی بھرپور حمایت کرتے ہیں اورامن کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرنے کو تیار ہیں۔

پاکستان کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے افغان صدر اشرف غنی کو دورہ پاکستان کی دعوت دی اوروزیراعظم عمران خان کی جانب سے 40 ہزار ٹن گندم کے تحفے کا خط بھی انہیں پہنچایا۔

دورہ افغانستان میں پاکستان کے وزیرخارجہ نے افغان مہاجرین کی باعزت واپسی کا معاملہ اٹھایا اورکہا کہ کئی سال تک افغان بہن بھائیوں کی میزبانی کی ہے۔


متعلقہ خبریں