دنیا کے طاقتور اور کمزور ترین پاسپورٹس کی فہرست سامنے آ گئی۔
عالمی ادارے Henley Passport Index کی تازہ درجہ بندی کے مطابق دنیا کے طاقتور پاسپورٹس کی فہرست جاری کر دی گئی ہے، جس میں سنگاپور بدستور پہلے نمبر پر موجود ہے۔ سنگاپور کے شہری بغیر ویزا 192 ممالک کا سفر کر سکتے ہیں جو عالمی سطح پر سب سے زیادہ رسائی ہے۔
دوسرے نمبر پر تین ممالک جاپان، جنوبی کوریا اور متحدہ عرب امارات مشترکہ طور پر موجود ہیں، جن کے شہری 187 ممالک تک ویزا فری رسائی رکھتے ہیں۔ اس کے بعد ناروے اور سوئٹزرلینڈ 185 ممالک کے ساتھ نمایاں ہیں۔
رپورٹ کے مطابق یورپی ممالک مجموعی طور پر پاسپورٹ طاقت میں سرفہرست ہیں، جبکہ یورپی یونین کا اوسط 183 ممالک تک ویزا فری رسائی بنتا ہے جو ملائیشیا اور برطانیہ کے برابر ہے۔
دوسری جانب کمزور پاسپورٹس کی فہرست میں افغانستان سب سے نچلے نمبر پر ہے، جہاں شہری صرف 23 ممالک تک بغیر ویزا سفر کر سکتے ہیں۔ کمزور ترین پاسپورٹس میں دوسرا نمبر شام کے پاسپورٹ کا ہے، عراق کا تیسرا نمبر ہے جبکہ پاکستان کا کمزور ترین پاسپورٹس میں چوتھا نمبر ہے، پاکستانی پاسپورٹ کے حامل افراد کو 31 ممالک میں ویزا فری انٹری کی سہولت حاصل ہے۔
ابدالی میزائل کے کامیاب تجربے نے دشمن کی نیندیں اڑا دیں
رپورٹ کے مطابق کمزور پاسپورٹس رکھنے والے ممالک میں سیاسی عدم استحکام، تنازعات اور ہجرت کے بڑھتے رجحانات جیسے عوامل اہم کردار ادا کرتے ہیں، جس کے باعث ان ممالک کے شہریوں پر ویزا پابندیاں زیادہ ہوتی ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ پاسپورٹ کی طاقت کسی ملک کی سفارتی حیثیت، معاشی استحکام اور عالمی تعلقات کی عکاسی کرتی ہے، جبکہ مضبوط پاسپورٹ رکھنے والے ممالک کے شہریوں کو عالمی سطح پر زیادہ سفری آزادی حاصل ہوتی ہے۔
