محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کر دی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر اور خطہ پوٹھوہار میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ شمال مشرقی پنجاب کے چند علاقوں میں ژالہ باری کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اسلام آباد اور اس کے گردونواح میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق چترال، بونیر، سوات، باجوڑ، مالاکنڈ اور پارہ چنار میں بارش کا امکان ہے جبکہ خیبر، مہمند، مردان، چارسدہ، ایبٹ آباد، مانسہرہ اور بٹگرام میں بھی بارش متوقع ہے۔
پنجاب کے مختلف اضلاع اوکاڑہ، شیخوپورہ، گجرات، منڈی بہاؤالدین، حافظ آباد، ڈیرہ غازی خان، ٹوبہ ٹیک سنگھ، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور نارووال میں چند مقامات پر بارش کی توقع ہے۔
پاکستان امن چاہتا ہے، بھارت اب دوبارہ حملے کی جرات نہیں کرے گا، خواجہ آصف
اسی طرح پشاور، شانگلہ، کوہستان، دیر، کوہاٹ، اورکزئی، نوشہرہ اور وزیرستان میں بھی بارش کا امکان ہے۔ راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم اور خوشاب میں کہیں کہیں بارش متوقع ہے، جبکہ لاہور، سرگودھا، میانوالی، فیصل آباد، ساہیوال، جھنگ اور قصور میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم رہنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب، خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔
اسلام آباد، مری، راولپنڈی، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، گوجر خان اور جہلم میں بارش متوقع ہے، جبکہ سیالکوٹ، نارووال، لیہ، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد اور منڈی بہاؤالدین میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ لاہور، قصور، میانوالی، سرگودھا، جھنگ اور ملتان میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
گلگت بلتستان کے علاقوں گلگت، اسکردو، گھانچے، ہنزہ، نگر، غذر، دیامر، استور، شگر اور کھرمنگ جبکہ آزاد کشمیر کے مظفرآباد، نیلم ویلی، باغ، حویلی، پونچھ، راولاکوٹ، کوٹلی، میرپور اور بھمبر میں بھی بارش متوقع ہے۔
خیبرپختونخوا کے اضلاع چترال، دیر، سوات، کالام، مینگورہ، ملاکنڈ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، پشاور، ہری پور، نوشہرہ، مردان، باجوڑ، چارسدہ، کوہاٹ اور کرک سمیت بنوں، لکی مروت، ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق گلیشیئرز اور برف پگھلنے سے سیلابی ریلوں اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، جبکہ ممکنہ ژالہ باری کے باعث کمزور تعمیرات، سولر پینلز اور گاڑیوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ پہاڑی علاقوں میں بارش کے باعث سفر میں مشکلات پیش آنے کا بھی اندیشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
