پشاور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) خیبر پختونخوا میں اندرونی اختلافات شدت اختیار کر گئے۔ صوبائی جوائنٹ سیکرٹری انجینئر خائستہ محمد نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
پی ٹی آئی رہنما انجینئر خائستہ محمد نے صوبائی صدر کے ساتھ اختلافات کو استعفے کی بنیادی وجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی میں “ڈکٹیٹرشپ” کا ماحول پیدا ہو چکا ہے اور اہم فیصلے کابینہ کو اعتماد میں لیے بغیر کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ تنظیمی امور میں کابینہ کو نظرانداز کیا جا رہا ہے۔ حتیٰ کہ ملاکنڈ ریجن کے عہدیداروں کی تقرری کا نوٹیفکیشن بھی مشاورت کے بغیر جاری کیا گیا۔
انجینئر خائستہ محمد نے کہا کہ اگر تمام فیصلے ایک ہی فرد کرے گا تو کابینہ کی موجودگی بے معنی ہو جاتی ہے۔ جبکہ بانی پی ٹی آئی کے نظریئے کے مطابق اختیارات اجتماعی ہونے چاہئیں۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب کے طلبا کیلئے انٹرن شپ پروگرام کا آغاز
انہوں نے کہا کہ پارٹی قیادت بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے سنجیدہ دکھائی نہیں دیتی اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی واضح حکمت عملی سامنے آئی ہے۔ جس کے باعث انہوں نے استعفیٰ دینے کا فیصلہ کیا۔
