کراچی: سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) کی جا نب سے مرمتی کام کے باعث کراچی کے مختلف علاقوں میں گیس کی بندش سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
کراچی کے علاقوں لیاری، کھارادر، ٹاور، مچھر کالونی، سعید آباد، کیماڑی اور جیکسن مارکیٹ میں مرمتی کام کی وجہ سے سوئی گیس حکام نے دو روز کے لیے گیس اعلانیہ بند کر رکھی ہے لیکن یہ عارضی بندش شہریوں کے لیے درد سر بن گئی ہے۔
گیس بندش کی وجہ سےعلاقے کے مکین اب لکڑیوں پر کھانے بنانے پر مجبور ہیں جب کہ گیس بندش کی وجہ سے خواتین بچے بڑے اور بوڑھے بڑی تعداد میں ایل پی جی سلنڈر والوں کی دکانوں پر قطاریں لگائے سلنڈر بھر وارہے ہیں، موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ایل پی جی والوں نے قیمت بڑھا دی ہے۔
علاقے کے مکینوں کا کہنا ہے کہ گیس بندش کی وجہ سے نہ صرف گھر آئے مہمانوں کی مہمان نوازی متاثر ہو رہی ہے بلکہ شہریوں کی تکالیف میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔
سوئی گیس حکام کا کہنا ہےکہ جلد مرمتی کام مکمل کر کے گیس بحال کر دی جائے گی۔