اسلام آباد: سابق صدر اور پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ جمہوریت کو دہشتگردوں اور انتہا پسندوں سے خطرہ ہے جو پارلیمنٹ کے بجائے طاقت سے اپنا ایجنڈہ نافذ کرنا چاہتے ہیں۔
15 ستمبر کو جمہوریت کے عالمی دن کے لیے اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے تسلسل کو برقرار رکھنے کے لیے تمام اداروں کو ان کی آئینی حدود میں رہ کر کام کرنا ہوگا۔ آئینی حدود کو پار کرنا جمہوریت کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے۔
سابق صدر کا کہنا تھا کہ وقت کے ساتھ جمہوریت کو لاحق خطرات بھی تبدیل ہو رہے ہیں جن سے عوام کو آگاہی دینے کی ضرورت ہے۔
آصف علی زرداری نے یہ بھی کہا کہ بے نظیر بھٹو اور ذوالفقار علی بھٹو جمہوریت کے علمبردار ہیں۔ جمہوریت کے لیے جان قربان کرنے والے تمام سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کو عالمی جمہوری دن پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔