لاہور: سابق وزیر اعظم نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز کے انتقال پر جاتی امرا پہنچنے والے مختلف سیاسی رہنماؤں کی جانب سے تعزیت کا سلسلہ جاری ہے۔
نواز شریف کی رہائش گاہ جاتی امرا اور ماڈل ٹاؤن میں تعزیت کے لیے آنے والوں میں ن لیگ کے رہنماوں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہیں۔
گزشتہ روز لندن میں انتقال کرجانے والی بیگم کلثوم نواز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے تعزیت کے لیے آنے والوں کا کہنا تھا کہ مرحومہ ایک وضع دار شخصیت کی حامل خاتون تھیں، ان کی جمہوریت کے لیے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
مسلم لیگ نون کے رہنما حمزہ شہباز نے جاتی امرا میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیگم کلثوم نواز ایک بہادر خاتون تھیں۔ انہوں نے ایک ڈکٹیٹر کے دور میں جمہوریت کا علم بلند کیا۔ حمزہ شہباز نے میاں محمد بخش کا کلام سنا کر بیگم کلثوم نواز کو خراج عقیدت پیش کیا۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چوہدری بھی تعزیت کے لیے جاتی امراء پہنچ گئے۔
لیگی رکن پنجاب اسمبلی غزالہ سلیم بٹ کارکنان کے ہمراہ ماڈل ٹاؤن پہنچیں اور کلثوم نواز کی مغفرت کی دُعا کی۔ غزالہ سلیم کا کہنا تھا کہ ہماری ماں، بہن آج ہم میں نہیں رہی ہے یہ ہمارے لیے کسی سانحہ سے کم نہیں ہے۔ اپنے کارکنان سے دُعاؤں کی اپیل کی ہے۔
لیگی رہنما رانا تنویر جاتی امرا تعزیت کے لیے پہنچے اور بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔ اس موقع پر رانا تنویر نے کہا کہ بیگم کلثوم نواز کی وفات پوری قوم کا نقصان ہے۔ اُنہوں نے جمہوریت کے لیے بہت قربانیاں دیں۔
کلثوم نواز کی تعزیت کے لیے آئے سابق وفاقی وزیر اور مسلم لیگ نون کے رہنما خرم دستگیر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کلثوم نواز جمہوریت کے لیے لڑنے والی بہادر اور شائستہ خاتون تھیں۔ جو پاکستانی خواتین کے لیے مشعل راہ بھی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ کلثوم نواز نے مشرقی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے جابر حکمران کے سامنے کلمہ حق بھی کہا اور خاتون اول ہوتے ہوئے متانت اور وقار کے ساتھ فرائض سرانجام دیے۔
سینیٹر آصف کرمانی بھی جاتی امرا پہنچے اور میڈیا سے غیر رسمی بات کرتے ہوئے کہا کہ کلثوم نواز کی سیاسی محاذ پر خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ انہوں نے کڑے وقت میں آمر کو چیلنج کیا تھا۔
نون لیگی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ کلثوم نواز کو آخری وقت میں اپنے خاندان کی بہت ضرورت تھی مگر نوازشریف اور مریم کو ان کے پاس نہیں رہنے دیا گیا۔
کلثوم نواز کی میت لندن کے ہارلے اسٹریٹ کلینک سے ریجنٹ پارک مسجد منتقل کی گئی ہے جہاں 13 ستمبر کو ان کی نماز جنازہ ادا کی جائے گی۔ نماز جنازہ کے بعد ان کی میت پاکستان جمعہ کی صبح پاکستان پہنچائی جائے گی۔
شریف خاندان کے ذرائع کا کہنا ہے کہ کلثوم نواز کی تدفین جاتی امرا میں کی جائے گی۔