پروفیسر حسن صہیب مراد ٹریفک حادثے میں جاں بحق


خنجراب: یونیورسٹی آف مینیجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ایم ٹی) کے بانی چئیرمین پروفیسرڈاکٹر حسن صہیب مراد ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہو گئے ہیں۔ حادثے میں ان کا بیٹا زخمی ہوا ہے جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

 

ہم نیوز کے مطابق حسن صہیب مراد سیمینار میں شرکت کے لئے خنجراب گئے تھے کہ ان کی گاڑی کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں وہ الٹ گئی۔

حسن صہیب مراد جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر خرم مراد مرحوم کے بیٹے تھے۔ ڈاکٹر حسن صہیب مراد کے اہل خانہ اس وقت امریکہ میں ہیں۔

ذمہ دارذرائع کا کہنا ہے کہ اہل خانہ کی وطن واپسی پر نماز جنازہ کے بارے میں اعلان کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے پروفیسر حسن صہیب مراد کے ٹریفک حادثہ میں جاں بحق ہونے کے واقعہ پر دکھ و افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے سوگوار خاندان کو دلی ہمدردی و تعزیت کا پیغام بھی بھیجا ہے۔

وزیر اعلیٰ نے مرحوم کی شعبہ تعلیم کیلئے خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر حسن صہیب مراد نے تعلیم کے میدان میں گرانقدار خدمات سرانجام دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم کی خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے بھی پروفیسر حسن صہیب مراد کی وفات پر اظہار افسوس کیا ہے۔


متعلقہ خبریں