افغانستان: کابل ایک مرتبہ پھر دھماکے سے گونج اٹھا۔ خود کش بمبار نے ایک ریلی کے دوران خود کو دھماکے سے اڑایا تو اس کے نتیجے میں میں تین افراد جاں بحق اور 14 زخمی ہوگئے ہیں۔
افغان نشریاتی ادارے طلوع نیوز کے مطابق خودکش بمبار نے احمد شاہ مسعود کے حامیوں کی جانب سے نکالی جانے والی ریلی کو نشانہ بنایا۔
طلوع نیوز کے مطابق ریلی کو نشانہ بنانے والا خودکش بمبار موٹرسائیکل پہ سوار ساتھ ساتھ چل رہا تھا کہ ایک مقام پر اس نےخود کودھماکے سے اڑا لیا۔ اس کی تصدیق کابل پولیس چیف کے ترجمان حشمت زئی نے بھی کی ہے۔
افغان طلوع کے مطابق دھماکے سے قبل این ڈی ایس کے آفیسرز نے ایک خودکش بمبار کو امریکی سفارتخانے کے قریب گولیاں مار کر ہلاک کردیا تھا۔
احمد شاہ مسعود کی نو ستمبر کو برسی منائی جاتی ہے جن کو افغان میڈیا کے مطابق قومی ہیرو کا درجہ دیا جاتا ہے۔
طلوع کے مطابق اس دن کی مناسبت سے ان کے حامیوں نے ریلی نکالی تھی جس کے دوران وہ علاقے میں گشت کررہے تھے، نعرے لگارہے تھے اورہوائی فائرنگ بھی کررہے تھے۔
2011 میں احمد شاہ مسعود کو قتل کیا گیا تھا۔ ان کے قاتلوں نے احمد شاہ مسعود سے دو افراد نے صحافیوں کا روپ دھار کر ملاقات کی تھی۔
کابل پولیس کے مطابق اس نے ہوائی فائرنگ کے الزام میں 100 کے قریب افراد کو گرفتارکیا ہے، دس ہتھیار اور25 گاڑیاں بھی قبضے میں لے لی ہیں۔