وزیر اعظم عمران خان کی اپیل پر ڈیم عطیات میں تیزی


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے اپیل کے بعد ڈیم فنڈز کے عطیات میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، ڈیمز کی تعمیر کے لیے چندہ مہم میں اوورسیز پاکستانی بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔

چیف جسٹس ثاقب نثار کی ہدایت پر قائم دیامر بھاشا اور مہمند ڈیمز فنڈ میں اب تک تقریباً دو ارب  سے زائد رقم جمع کرائی جا چکی ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ڈیم فنڈ میں اپنی ایک مہینے کی تنخواہ دینے کا اعلان کر دیا ہے۔

بیرون ملک پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے عمران خان کی پکار پر آگے بڑھتے ہوئے ڈیمز فنڈ کے لیے عطیات جمع کرانے شروع کر دیے ہیں۔  

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے اپنے محکمے کی طرف سے ڈیمز فنڈ میں سالانہ دس کروڑ روپے دینے کا اعلان کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ 100 روپے کے ٹکٹ پر ایک اور اس سے اوپر کی ٹکٹ پر دو روپے بڑھائے جا رہے ہیں جو ڈیم کے لیے مختص ہوں گے۔ 

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ایلیٹ پینل میں شامل پاکستانی ایمپائر علیم ڈار نے بھی دس ہزار ڈالر ڈیم فنڈز کے لیے عطیہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ 

وزیر اعظم عمران خان نےقوم سے خطاب کرتے ہوئے بالخصوص اوورسیز پاکستانیوں سے ڈیمز کے لیے عطیات بھیجنے کی اپیل کی تھی۔

وزیراعظم نے بیرون ملک پاکستانیوں سے اپیل کی کہ اگر ہر شخص 1000 ڈالر باہر سے بھیجے تو پاکستان میں ڈالرز بھی آجائیں گے اور دو ڈیم بھی بن جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا وعدہ ہے کہ یہ پیسہ صرف ڈیم کی مد میں ہی خرچ ہو گا۔


متعلقہ خبریں