اسلام آباد: وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے سعودی سرمایہ کاروں کو دعوت دی ہے کہ وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کریں اورجو نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں ان سے فائدہ اٹھائیں۔
وہ دورہ پاکستان پر آئے ہوئے سعودع عرب کے وزیراطلاعات و ثقافت ڈاکٹر عواد بن صالح العواد سے بات چیت کررہے تھے جنہوں نے ان سے آمد کے بعد ملاقات کی۔
سعودی عرب کے وزیر اطلاعات دورہ پاکستان پرجب اسلام آباد پہنچے تو وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے ان کا استقبال کیا۔
ہم نیوز کے مطابق دوران ملاقات مہمان وزیر نے کہا کہ سعودی حکومت پاکستان کی نئی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش مند ہے۔
پاکستان کے وزیرِ خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے سعودی وزیرِ ثقافت و اطلاعات ڈاکٹر عواد بن صالح العواد سے جواباً کہا سعودی قیادت کی خواہشات کا خیرِ مقدم کرتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ سعودی سرمایہ کار آ کر یہاں سرمایہ کاری کریں۔
ہم نیوز کے مطابق مخدوم شاہ محمود قریشی نے پاکستان سعودی عرب کے درمیان معاشی تعاون کو فروغ دینے پر زور دیا۔
پاکستان کے وزیرخارجہ اورسعودی عرب کے وزیراطلاعات و ثقافت کے درمیان دونوں ممالک کے مابین روابط بڑھانے پربھی اتفاق کیا گیا۔