پاکستان نے امریکہ کا ’ڈو مور‘ کا مطالبہ رد کر دیا


اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ عزت اور احترام پر مبنی تعلقات چاہتا ہے۔ امریکہ کے ڈو مور کے مطالبے پر پاکستان نے واضح کر دیا ہے کہ امریکہ کا ہر مطالبہ نہیں مانا جا سکتا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم ہاؤس میں امریکی سیکرٹری خارجہ مائیک پومپیو کے ساتھ ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن کے لیے پاکستان کردار ادا کرتا رہے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دی ہیں، عالمی برادری پاکستان کی قربانیاں تسلیم کرے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں امریکہ کی جانب سے ایک مرتبہ پھر ڈو مور کا مطالبہ کیا گیا ہے جس کے جواب میں انہیں واضح طور پر بتا دیا گیا کہ امریکہ کا ہر مطالبہ تسلیم نہیں کیا جا سکتا۔

پاکستان نے امریکی وفد کے سامنے ٹھوس موقف رکھا، ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ پاک امریکہ تعلقات میں مشترکہ مفادات کو مدنظر رکھا جائے گا۔

دونوں رہنماؤں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تعاون بڑھانے اور باہمی اعتماد پر مبنی تعلقات بڑھانے پر اتفاق کیا۔

اس سے قبل امریکی سیکرٹری خارجہ مائیک پومپیو ایک روزہ دورے پر  راولپنڈی میں واقع نورخان ائیر بیس پہنچے جہاں پاکستانی حکام نے ان کا استقبال کیا۔

امریکہ سے دو طیارے پاکستان پہنچے ، پہلے سی ون تھرٹی میں سات رکنی وفد اسلام آباد آیا جس کی قیادت جنرل جوزف ڈنفورڈ کر رہے تھے جبکہ دوسرے طیارے میں 18 رکنی وفد پہنچا جس کی قیادت امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کر رہے تھے۔

وزیراعظم سے ملاقات کے بعد مائیک پامپیو 17 رکنی وفد کے ہمراہ  نور خان ایئر بیس سے سی فورٹی طیارے پر نئی دہلی روانہ ہو گئے۔

 


متعلقہ خبریں