لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کے زیراہتمام ایشیا کرکٹ کپ کے لیے لگائے گئے تربیتی کیمپ کا آج دوسرا روز ہے جس میں 16 نمایاں کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔
کرکٹ کے تینوں فارمیٹس میں قومی ٹیم کی کپتانی کرنے والے سرفرازاحمد کی خصوصی مشقیں جاری ہیں۔ سرفراز احمد وکٹ کیپنگ کے علاوہ بلے بازی کی بھی پریکٹس کر رہے ہیں۔
ایشیا کپ 15 ستمبر کو شروع ہونے جارہا ہے جس کی تیاری کے لیے لاہورکے قذافی اسٹیڈیم میں سات روزہ کیمپ لگایا گیا ہے۔ پی سی بی کے زیراہتمام لگائے گئے ٹریننگ کیمپ میں کھلاڑی تین تا دس ستمبر تربیتی مشقیں کریں گے۔
قبل ازیں پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ٹیم کو 27 سے 31 اگست تک ایبٹ آباد میں واقع آرمی سکول میں فٹنس ٹریننگ کرائی گئی تھی۔
پی سی بی نے ایشیا کپ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے 16 نمایاں کھلاڑیوں کا بھی اعلان کردیا ہے۔ قومی کرکٹ اسکواڈ کی کپتانی سرفراز احمد کو سونپی گئی ہے۔فٹنس ٹیسٹ میں فیل ہو جانے والے عماد وسیم اور محمد حفیظ ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔
عماد وسیم ان 18 کھلاڑیوں میں شامل تھے جنہیں تربیتی کیمپ میں مدعو کیا گیا تھا تاہم وہ دو بار موقع ملنے کے باوجود فٹنس ٹیسٹ پاس کرنے میں ناکام رہے۔
تربیتی کیمپ کے لیے بلائے گئے سابق کپتان محمد حفیظ بھی فٹنس ٹیسٹ میں ناکامی کے سبب ایشیا کپ اسکواڈ سے باہر ہو گئے ہیں تاہم چیف سیلیکٹر انضمام الحق نے عندیہ دیا ہے حفیظ کا کیرئیر ابھی ختم نہیں ہوا، کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے ٹیم میں ان کی شمولیت کا امکان ابھی روشن ہے۔
ایشیا کرکٹ کپ کے لیے پاکستانی اسکواڈ میں کپتان سرفراز احمد، شعیب ملک، فخر زمان، بابر اعظم، شاداب خان، امام الحق، شان مسعود، آصف علی، حارث سہیل، محمد نواز، حسن علی، عثمان شنواری، جنید خان ، شاہین آفریدی اور محمد عامر شامل ہیں۔