اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کے جڑواں شہر راولپنڈی کے ایوب پارک میں کھڑے ٹینک اوت توپیں ہیبت کی نشانی ہونے چاہیے تھے لیکن اس کے برعکس یہ پاکستان کے دشمنوں کی بزدلی کی داستان بن چکے ہیں۔
چھ ستمبر 1965 کو پاکستانی افواج نے دشمن کو دھول چٹا دی تھی، یہ وہ دور تھا جب پاکستان کے پاس اسلحہ اور فوجی قوت بھی کم تھی مگر ہمت و جرات کی جو مثال افواج پاکستان نے دکھائی اس کی کچھ نشانیاں ایوب پارک کی زینت بنی ہوئی ہے۔
راولپنڈی کے ایوب پارک میں کھڑے یہ ٹینک اور توپ 1965 میں دشمن ملک بھارت کی عبرت ناک شکست کی داستان سنا رہے ہیں۔ دشمن افواج چھ ستمبر کو آئی تو پاکستان پر قبضہ کرنے تھیں لیکن اپنے ٹینک، توپ خانے اور گاڑیاں چھوڑ کر بھاگ کھڑی ہوئیں۔
پارک میں کھڑے ایم 41 توپ خانے سے بھارت کے سب سے زیادہ ٹینک تباہ کیے گئے۔ ٹی69، ایم 47 اور ایم 48 توپ سے بھی دشمن افواج کو بھاری نقصان پہنچایا گیا تھا۔ دشمن افواج کے قبضے میں لیا گیا ٹینک اے ایم ایکس 13 کو یادگار کے طور پر پارک میں کھڑا کیا گیا ہے۔
ایوب پارک میں آنے والے شہریوں کا کہنا ہے کہ فوجی ساز و سامان دیکھ کر انہیں اندازہ ہوتا ہے کہ کس طرح بہادر افواج نے دشمن کو ناکوں چنے چبوائے تھے۔
ماضی کی ان یادگاروں کو دیکھ کر شہری اپنی تاریخ سے روشناس ہوتے ہیں، ان ٹینکوں کو ایوب پارک میں رکھنے کا مقصد آنے والی نسل کو دشمن کی عبرتناک شکست اور اپنے ماضی کے ہیروز کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا ہے۔