عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس کل طلب کر لیا


اسلام آباد: نومنتخب وزیراعظم عمران خان نے کابینہ کا اجلاس کل بروز جمعہ طلب کر لیا ہے جس میں حکومت کے آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم پاکستان نے تمام وزرا کو ہدایت کی ہے کہ وہ اجلاس میں اپنی شرکت یقینی بنائیں، اجلاس کے دوران وفاقی وزارت کیپٹل ایڈمنسٹریشن اینڈ ڈویلپمنٹ (کیڈ) کو ختم کرنے کی منظوری دیے جانے کا امکان ہے، وزارت کیڈ کے خاتمے کی صورت میں اس کے مختلف اداروں کو کابینہ ڈویژن کے ماتحت کردیا جائے گا۔

اجلاس کی صدارت وزیراعظم خود کریں گے، اجلاس میں وزارتوں سے متعلق مختلف امور کو دیکھا جائے گا۔

اس سے قبل اپنی تقریر میں وزیراعظم عمران خان نے اس عزم کا اظہار کیا تھا کہ ان کی حکومت حکومتی اخراجات میں کمی لائی جائے گی، کل ہونے والی وفاقی کابینہ کی میٹنگ میں اس حوالے سے چند اہم فیصلے بھی متوقع ہیں۔

عمران خان نے ابھی تک 20 رکنی کابینہ تشکیل دی ہے جس میں 15 وفاقی وزرا اور 5 مشیر شامل ہیں۔

وفاقی کابینہ میں فروغ نسیم، طارق بشیر چیمہ، نور الحق قادری، شیریں مزاری، غلام سرور خان، زبیدہ جلال، فواد احمد، عامر کیانی، شاہ محمود قریشی، پرویز خٹک، اسد عمر، شیخ رشید، فہمیدہ مرزا، خالد مقبول اور شفقت محمود شامل ہیں۔

 


متعلقہ خبریں