لنڈی کوتل: طورخم سرحد پر پاک افغان سیکیورٹی حکام کی ملاقات ہوئی جس میں دونوں جانب سے یوم استقلال کی خوشی میں تحائف کا تبادلہ کیا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) کے کرنل عمیر نے پاکستانی وفد کی طرف سے مٹھائیاں پیش کیں جبکہ افغان وفد کی جانب سے کیپٹن ہدایت اللہ نے ایف سی حکام کو گلدستے پیش کیے۔
اس موقع پر پاک افغان سیکیورٹی حکام نے بارڈرسیکیورٹی کو موثر بنانے کے حوالے سے بھی بات چیت کی۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ ملاقات کے دوران دونوں اطراف سے مستقبل میں روابط بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کا بتانا ہے کہ اس طرح کی ملاقاتیں معمول کا حصہ ہیں تاکہ بارڈر کے معاملات کو بہتر طریقے سے چلایا جا سکے۔
اس سے قبل پاک افغان بارڈر پر پاکستان اورافغانستان سیکیورٹی فورسز کے درمیان سرحد ی حالات پر 18 اپریل 2018 کو فلیگ میٹنگ ہوئی تھی جس میں پاکستان کی طرف سے لیفٹیننٹ کرنل ارشد جبکہ افغانستان کی طرف سے لیفٹیننٹ کرنل وحید کی قیادت میں وفود نے شرکت کی تھی۔

میٹنگ طورخم بارڈر زیرو پوائنٹ پر ہوئی جس میں بارڈر پر سیکورٹی حالات، باڑ کی تنصیب کے علاوہ بارڈر سے متعلقہ دیگر اہم امور پر بھی بات چیت کی گئی۔
ملاقات میں افغان وفد نے پاکستانی حکام سے مطالبہ کیا کہ اس طرح کی میٹنگ ہر ماہ ہونی چاہیے تاکہ بارڈر کی صورتحال سے دونوں ممالک آگا ہ رہ سکیں۔
