وزیراعلیٰ پنجاب کا فیصلہ ہونا باقی ہے، عمران خان

عمران خان کو وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے امیدوار کی تلاش | urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے تاحال کسی امیدوار کا نام طے نہیں کیا گیا ہے۔

پیر کے روز قومی اسمبلی میں حلف برداری کے بعد بنی گالہ جانے سے قبل ایک صحافی نے عمران خان سے سوال کیا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب کون آرہا ہے؟ جواب میں پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ ابھی فیصلہ نہیں ہوا۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں ذرائع ابلاغ سے مختصر گفتگو کے دوران صحافی نے ردعمل جاننے کے لیے عمران خان کو بتایا کہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ وہ یوم آزادی نہیں منائیں گے بلکہ جمہوریت کے تحفظ کی جدوجہد کریں گے۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے اپنے مختصر جواب میں کہا کہ وہ اس بار سب سے زیادہ جوش خروش سے 14 اگست منائیں گے۔

عمران خان رکن اسمبلی کی حیثیت سے حلف برداری کے لیے قومی اسمبلی میں آئےتھے۔ انہیں اپنی پارٹی کی طرف سے وزارت عظمیٰ کے لیے بھی نامزد کیا گیا ہے۔

پاکستان کی 15ویں قومی اسمبلی میں منتخب ہونے والے اراکین نے پیر کے روز منعقدہ اجلاس میں حلف اٹھا لیا ہے، اب نئی قومی اسمبلی کے لیے اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب 15 اگست کو کیا جائے گا۔

اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی  منگل 14 اگست کو دوپہر 12 بجے تک سیکرٹری قومی اسمبلی کے دفتر میں جمع کرائے جا سکیں گے۔

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے پارٹی چیئرمین عمران خان کو وزیراعظم جب کہ سابق اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی اسد قیصر کو اسپیکر نامزد کیا گیا ہے۔

متحدہ اپوزیشن نے وزیراعظم کے لیے مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف جب کہ اسپیکر کے لیے پیپلزپارٹی کے رہنما سید خورشید احمد شاہ اور ڈپٹی اسپیکر کے مجلس عمل کے اسعد محمود کو نامزد کیا ہے۔


متعلقہ خبریں