مظفرآباد: وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کا جشن آزادی پورے جوش و خروش سے منایا جائے گا، انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کشمیر یک جان دو قالب ہیں اور 14 اگست کو اس عہد کی تجدید ہو گی۔
آزاد جموں و کشمیر کابینہ کے اجلاس سے خطاب میں راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ سری نگر میں سبز ہلالی پرچموں کی بہار آئی ہوئی ہے، کشمیریوں کی جانی اور مالی قربانیاں الحاق پاکستان کے لیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جشن آزادی کے مہینے میں ہر کشمیری کا جوش و خروش دیدنی ہوتا ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی کامیابیاں امن کی ضامن ہیں۔
مقبوضہ کشمیر کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیاں کر رہی ہے، انہوں نے بھارت کو تنبیہہ کی کہ بھارت آئین کی شق 35-اے میں تبدیلی سے باز رہے۔
بھارتی آئین کے آرٹیکل 35-اے کے تحت جموں و کشمیر کی ریاستی مقننہ، ریاست کے ’مستقل رہائشیوں‘ کی وضاحت کرتا ہے اور ان مستقل رہائشیوں کو خصوصی حقوق اور مراعات فراہم کرنے کا حق بھی دیتا ہے، بھارت کے آئین میں یہ شق 14 مئی 1954 کو ایک صدارتی آرڈیننس کے تحت شامل کی گئی تھی۔