اسلام آباد: پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے صدر بریگیڈیئر خالد سجاد کھوکھر نے کھلاڑیوں اور آفیشلز کو وعدے کے مطابق ان کے مکمل واجبات ادا کر دیے ہیں، ذرائع کے مطابق پی ایچ ایف کے صدر نے فنڈز کا انتظام ذاتی حیثیت میں کیا ہے۔
ترجمان پی ایچ ایف کا کہنا ہے کہ بریگیڈیئر ریٹائرڈ خالد سجاد کھوکھر نے 6 اگست کو ایشین گیمز سے قبل کھلاڑیوں کے بقایا جات ادا کرنے کا وعدہ کیا تھا اور اس سلسلے میں 48 گھنٹے کی ڈیڈ لائن مانگی تھی جو رات 12 بجے ختم ہونی تھی لیکن پی ایچ ایف کے صدر نے وقت ختم ہونے سے پہلے ہی کھلاڑیوں سے کیا اپنا وعدہ ایفا کر دکھایا۔
انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کے واجبات ان کے بینک اکاؤنٹس میں منتقل کرنے کے ساتھ ساتھ غیر ملکی اسٹاف کو بھی ادائیگیاں کر دی گئی ہیں۔
صدر پی ایچ ایف نے کہا کہ ہم نے اپنا وعدہ پورا کر دیا ہے، اب کھلاڑی اپنا وعدہ پورا کرتے ہوئے گولڈ میڈل جیت کر لائیں اور ایشین گیمز میں بھارت کو ہرا کر قوم کو تحفہ دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ایچ ایف فنڈز کے حوالے سے اسپانسرز کے ساتھ رابطے میں ہے اور قومی کھیل میں بہتری کے لیے نجی شعبے سے بھی مدد لی جا رہی ہے۔