وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چودھری کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ کا اجلاس بلانے کیلئے سمری بھیج دی گئی ہے جبکہ وفاقی بجٹ 12 جون کو پیش کیے جانے کا امکان ہے۔
طارق فضل چودھری کے مطابق سمری میں قومی اسمبلی کا اجلاس کل شام 5 بجے جبکہ سینیٹ کا اجلاس کل ہی شام 4 بجے بلانے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔
وفاقی وزیر پارلیمانی امور نے مزید بتایا کہ آئندہ مالی سال کا وفاقی بجٹ 12 جون کو پیش کیے جانے کا قوی امکان ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب قومی اسمبلی کے اس اہم ترین اجلاس میں مالی سال 27-2026 کا وفاقی بجٹ پیش کریں گے، جس میں نئے مالی سال کے اہداف اور ٹیکس تجاویز ایوان کے سامنے رکھی جائیں گی۔
یاد رہے کہ بجٹ پیش کرنے کی تاریخ میں تیسری بار تبدیلی کی گئی ہے۔ اس سے قبل بجٹ ممکنہ طور 5 جون کو پیش کیے جانے کے امکانات ظاہر کیے گئے تھے تاہم بعد میں یہ تاریخ تبدیل کر دی گئی۔
اس تاخیر کی بنیادی وجہ قومی اقتصادی کونسل (NEC) کا اہم ترین اجلاس ملتوی ہونا تھا، جو پہلے 3 جون کو شیڈول تھا۔
اس کے بعد وزیر پارلیمانی امور کی جانب سے کہا گیا کہ بجٹ 10 جون کو پیش کیا جائیگا، تاہم اب انہی نے اعلان کیا ہے کہ بجٹ اب 12 جون کو پیش کیا جائیگا۔
دوسری جانب حکومت اور اتحادیوں کے درمیان ترقیاتی بجٹ پر عدم اتفاق کا مسئلہ بھی حل ہو گیا ہے۔
وفاقی وزیر پلاننگ احسن اقبال نے کہا ہے کہ ترقیاتی بجٹ پر ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے درمیان معاملات طے پا گئے ہیں ،وفاق چھوٹے صوبوں پر آئندہ مالی سال کے بجٹ میں زیادہ پیسہ خرچ کرے گا۔
