امریکا میں لاٹری جیتنے کے دو انوکھے اور دلچسپ واقعات سامنے آئے ہیں، جہاں ایک شہری نے کچرے میں پھینکے گئے ٹکٹ سے ایک لاکھ ڈالر جیت لیے تو دوسرے شہری کی اپنی ہی جیت سے متعلق کی گئی پیشگوئی سچ ثابت ہو گئی۔
پہلا واقعہ امریکی ریاست اوہائیو کے شہر ولارڈ میں پیش آیا، جہاں ایک شہری نے غلطی سے اپنا “بنگو 25 ٹائمز” اسکریچ آف لاٹری ٹکٹ کچرے دان میں پھینک دیا۔
بعد میں احساس ہونے پر اس نے باقاعدہ کچرے کے ڈھیر میں اپنے ٹکٹ کی تلاش شروع کی، اور خوش قسمتی سے ٹکٹ ملنے پر معلوم ہوا کہ اس کا ایک لاکھ ڈالر کا انعام نکل آیا ہے۔
لاٹری حکام کے مطابق ٹیکس کٹوتی کے بعد خوش قسمت فاتح کو 73 ہزار 250 ڈالر کی رقم ادا کی جائے گی۔ یہ ٹکٹ ایک مقامی اسٹور سے خریدا گیا تھا، تاہم جیتنے والے نے اپنی شناخت ظاہر نہیں کی ہے۔ اوہائیو لاٹری کے مطابق اس کھیل میں انعام جیتنے کے امکانات 3.52 میں سے ایک ہوتے ہیں۔
دوسرا حیرت انگیز واقعہ ریاست نارتھ کیرولائنا کے شہر راکی ماؤنٹ میں پیش آیا، جہاں ڈونلڈ بَن نامی شہری کی پیشگوئی حقیقت کا روپ دھار گئی۔
ڈونلڈ نے لاٹری حکام کو بتایا کہ انہوں نے کچھ عرصہ قبل ہی اپنے دوستوں سے دعویٰ کیا تھا کہ ان کے نصیب میں بڑا انعام لکھا ہے اور وہ جلد ہی ایک لاکھ ڈالر جیتنے والے ہیں۔
انہوں نے 30 ڈالر مالیت کا “ایک لاکھ ڈالر کیش پے ڈے” اسکریچ ٹکٹ خریدا، جسے کھرچنے پر واقعی ایک لاکھ ڈالر کا انعام نکل آیا۔
ڈونلڈ کا کہنا ہے کہ وہ اس رقم کو اپنے مستقبل کے لیے محفوظ کریں گے اور فی الحال ایک نیا گھر خریدنے پر غور کر رہے ہیں۔ اس واقعے نے ان کے دوستوں اور مقامی لوگوں کو شدید حیرت میں مبتلا کر دیا ہے۔
