محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے 12 جون تک ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں درجہ حرارت میں اضافے کا امکان ہے۔
بالائی علاقوں میں دن کے وقت درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیریں علاقوں میں 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد، شمالی پنجاب اور بالائی خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں کل تک شدید گرمی برقرار رہے گی۔ تاہم اسلام آباد میں 11 اور 12 جون کو بارش کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق خیبرپختونخوا اور شمالی پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی 11 اور 12 جون کو بارش متوقع ہے، راولپنڈی، لاہور اور دیگر اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
دوسری جانب کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ اور سندھ کے بیشتر اضلاع میں گرمی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے۔ بلوچستان کے اضلاع ژوب اور موسیٰ خیل میں 11 اور 12 جون کو گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
گلگت بلتستان ، پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے اتحاد سے حکومت بننے کا امکان
پشاور، سوات، چترال، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بھی 11 اور 12 جون کو بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں 12 جون سے بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کی توقع ہے۔
