ہیکرز نے امریکی فضائیہ کے سب سے اہم کلاؤڈ کمپیوٹنگ پلیٹ فارم ’کلاؤڈ ون‘ میں نقب لگا دی ہے۔ اس واقعے سے فوجی اہلکاروں اور لاجسٹکس سے متعلق حساس ڈیٹا خطرے میں پڑنے کا خدشہ ہے۔
خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق ہیکنگ کے معاملے سے واقف تین افراد نے بتایا ہے کہ سائبر حملے کا انکشاف گزشتہ ماہ ہوا تھا جب نظام کو اپ گریڈ کرنے کا کام جاری تھا۔
ایک ذریعے نے بتایا کہ ہیکنگ کے واقعے کے بعد پورے پلیٹ فارم کی سرگرمیاں متاثر ہوئی تھیں۔ تاہم رائٹرز کا کہنا ہے کہ اسے آزادانہ طور پر ہیکرز کی شناخت، حملے کے نتیجے میں ہونے والے نقصان یا اس بات کی تصدیق نہیں ہو سکی کہ آیا کوئی ڈیٹا چوری بھی ہوا ہے۔
امریکی فضائیہ نے ’رائٹرز‘ کو ایک بیان میں بتایا ہے کہ وہ مخصوص نیٹ ورکس اور نظاموں کی سکیورٹی، ان کی کمزوریوں یا عملی صورتِ حال پر تبصرہ نہیں کرتی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ محکمہ فضائیہ کی معلومات، نظاموں اور عسکری صلاحیتوں کے تحفظ کے لیے مسلسل مناسب اقدامات کیے جاتے ہیں۔
واضح رہے کہ کلاؤڈ ون منصوبے کا آغاز 2017 میں کیا گیا تھا۔ اس کا مقصد امریکی فضائیہ کی آئی ٹی ضروریات کے لیے ایک ایسا مشترکہ پلیٹ فارم تیار کرنا تھا جہاں مختلف خدمات ایک ہی نظام کے تحت فراہم کی جا سکیں۔
اس منصوبے میں چار بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں مائیکروسافٹ، ایمازون، اوریکل اور الفابیٹ کے وسائل استعمال کیے گئے تھے۔
اس پلیٹ فارم پر درجنوں ایپلی کیشنز چلتی ہیں، جن میں فوجی اہلکاروں کا ڈیٹا، تنخواہوں کی ادائیگی، رسد، لاجسٹکس اور فوجی ساز و سامان کی دیکھ بھال سے متعلق نظام شامل ہیں۔
ان میں امریکی فضائیہ کا ’کلاؤڈ بیسڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول‘ نظام بھی شامل ہے، جو شمالی امریکہ بھر سے فضائی دفاع کے ریڈار اور دیگر ذرائع سے حاصل ہونے والا ڈیٹا یکجا کرتا ہے۔
Hackers breached the US Air Force’s flagship cloud infrastructure, called Cloud One, potentially putting military applications and sensitive data at risk, Reuters reports https://t.co/UviDwM6uIw
— Bloomberg (@business) November 27, 2026
اس کے علاوہ ’تھیٹر انٹیگریٹڈ کامبیٹ میونیشنز سسٹم‘ بھی اسی پلیٹ فارم کا حصہ ہے، جو دنیا بھر میں امریکی فضائیہ کے 200 سے زائد مقامات پر بموں اور میزائلوں کی نقل و حرکت اور دستیابی کا ریکارڈ رکھتا ہے۔
امریکی کمپنی ایس اے آئی سی (SAIC) 2025 تک کلاؤڈ ون کی مرکزی ٹھیکے دار تھی، جس کے بعد یہ ذمہ داری لیڈوس (Leidos) نامی کمپنی کو سونپ دی گئی تھی۔
ایس اے آئی سی نے فضائی کے کلاؤڈ سسٹم کے ہیک ہونے کے معاملے پر تبصرے کی درخواست کا کوئی جواب نہیں دیا، جبکہ لیڈوس نے سوالات امریکی فضائیہ کی جانب بھیج دیے ہیں۔
اس معاملے سے واقف دو ذرائع کے مطابق کلاؤڈ ون امریکی فوج کے سب سے بڑے کلاؤڈ پلیٹ فارمز میں سے ایک ہے۔
ایک ذریعے نے ’رائٹرز‘ سے بات کرتے ہوئے کہا کلاؤڈ ون پر ہیکنگ کے نقصان کا جائزہ لینے کے لیے امریکی فوج کی سائبر کمانڈ کو بھی تحقیقات میں شامل کر لیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ہیکنگ اٹیک کا پتا چلنے کے بعد ’کلاؤڈ ون‘ کی سرگرمیوں میں مختلف نوعیت کی رکاوٹیں پیدا ہوئیں۔
دو ذرائع اور اس معاملے سے واقف ایک چوتھے شخص کے مطابق پسِ پردہ دفتری نظاموں کو کلاؤڈ ون پر منتقل کرنے کا عمل روک دیا گیا ہے۔ یہ منتقلی امریکی فوج کی ایک طویل عرصے سے ترجیح رہی ہے۔
اس کے علاوہ ’کلاؤڈ ون‘ پر پہلے سے کام کرنے والی ایپلی کیشنز کی اپ ڈیٹس بھی روک دی گئیں۔
’کلاؤڈ ون‘ پر سائبر حملے کی خبر ایسے وقت سامنے آئی ہے جب دنیا بھر میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ذریعے کیے جانے والے سائبر حملوں کے بارے میں تشویش بڑھ رہی ہے۔
امریکی حکومت پہلے ہی کم از کم چھ سائبر حملوں کے اثرات سے نمٹ رہی ہے، ان میں ایف بی آئی کے دو سائبر واقعات، پینٹاگون کے ڈیٹا پر ماضی میں ہونے والا حملہ، محکمہ ہوم لینڈ سکیورٹی کے اہلکاروں کی معلومات کا حالیہ افشا ہونا، کم از کم دو امریکی خفیہ اداروں کو متاثر کرنے والی سکیورٹی خلاف ورزی اور امریکی محکمہ خزانہ پر سائبر حملہ شامل ہیں۔



