ملک میں سونے کی قیمت بڑھنے کا سلسلہ جاری ہے اور مسلسل دوسرے روز فی تولہ قیمت میں ہزاروں روپے کا اضافہ ہوا ہے۔
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق جمعے کو فی تولہ سونے کی قیمت 11 ہزار 500 روپے اضافے کے بعد 3 لاکھ 90 ہزار 136 روپے ہوگئی۔
اسی طرح 10 گرام سونا 9 ہزار 859 روپے اضافے سے 3 لاکھ 34 ہزار 478 روپے کا ہو گیا۔
سونے کے ساتھ چاندی کی قیمت میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
ایسوسی ایشن کے مطابق جمعے کو ایک تولہ چاندی 277 روپے اضافے کے بعد 4 ہزار 906 روپے کی ہوگئی جب کہ 10 گرام چاندی کی قیمت میں 238 روپے اضافہ ہوا اور وہ 4 ہزار 206 روپے کی ہوگئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی فی تولہ سونے کی قیمت میں 4 ہزار 700 روپے کا اضافہ ہوا تھا۔ البتہ بدھ کو سونے کی قیمت میں 11 ہزار 500 روپے فی تولہ کمی ہوئی تھی۔
یاد رہے کہ عالمی اور ملکی سطح پر مختلف عوامل سونے کی قیمتوں پر اثرانداز ہوتے ہیں جن میں امریکی ڈالر کی قدر میں تبدیلی، عالمی معاشی صورتِ حال میں غیر یقینی، جغرافیائی کشیدگی اور سرمایہ کاروں کا رجحان شامل ہے۔
عالمی سطح پر معاشی اور سیاسی غیر یقینی کے دوران سرمایہ کار سونے کو محفوظ سرمایہ کاری سمجھتے ہیں۔ ایسے حالات میں سونے کی طلب بڑھنے سے اس کی عالمی قیمت میں اضافہ ہو سکتا ہے جبکہ غیر یقینی صورتِ حال میں کمی قیمتوں پر دباؤ ڈال سکتی ہے۔
پاکستان میں عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت کے علاوہ روپے اور امریکی ڈالر کا شرح تبادلہ بھی مقامی صرافہ مارکیٹ میں سونے کی قیمت کے تعین میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔



