دفتر خارجہ کے ترجمان نے لیبیا کے قریب تارکینِ وطن کی کشتی ڈوبنے اور حادثے میں پاکستانی شہریوں کے متاثر ہونے کی خبروں پر کہا ہے کہ ”ان اطلاعات کی اب تک آزادانہ تصدیق نہیں ہوئی۔ ہم امید اور دعا کرتے ہیں کہ یہ سچ نہ ہوں۔“
یہ خبریں بدھ کے روز سے گردش کر رہی ہیں جن میں خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ سے تقریباً 35 افراد کے اس حادثے میں لاپتہ ہونے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے جن میں سے 10 افراد کی گزشتہ روز غائبانہ نمازِ جنازہ بھی ادا کر دی گئی۔
ڈپٹی کمشنر باجوڑ کے آفیشل فیس بک پر جاری ایک بیان کے مطابق ضلعی انتظامیہ کے حکام نے اس ’حادثے میں جاں بحق ہونے والے علاقہ ماموند کے نوجوانوں کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی‘ اور ’مرحومین کے لیے دعائے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی‘۔
“انہوں نے متاثرہ خاندانوں کو یقین دلایا کہ ضلعی انتظامیہ اس مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ انسانی اسمگلنگ اور غیر قانونی طریقوں سے لوگوں کو بیرونِ ملک بھیجنے میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ”
گزشتہ روز خیبر پختونخوا پولیس نے واضح کیا تھا کہ انسانی اسمگلنگ کے ایجنٹوں نے باجوڑ سے تعلق رکھنے والے متاثرہ نوجوانوں کے رشتے داروں کو حادثے کی اطلاع دی تاہم فی الحال لیبیا میں کسی نئے حادثے کی تصدیق نہیں ہوئی۔
ایکس پر جاری بیان میں دفتر خارجہ کے ترجمان سجاد حیدر نے کہا کہ تاحال لیبیا میں کسی کشتی حادثے کی آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی تاہم طرابلس میں پاکستانی سفارت خانہ حقائق کا پتہ لگانے کی کوشش کر رہا ہے۔
🔊 PR No. 3️⃣5️⃣1️⃣/2️⃣0️⃣2️⃣6️⃣
Statement by the Spokesperson
🔗⬇️ https://t.co/nSiZE7ECVg
— Ministry of Foreign Affairs – Pakistan (@ForeignOfficePk) November 27, 2026
ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی ایمبیسی حادثے اور اس میں پاکستانی شہریوں کے متاثر ہونے کے حوالے سے معاملے کی فعال انداز میں پیروی کر رہا ہے۔
ترجمان کے مطابق سفارت خانے نے اس سلسلے میں لیبیا کے متعلقہ سرکاری حکام، انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن اور دیگر متعلقہ فریقین سے رابطہ کیا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اس بارے میں مزید معلومات تصدیق شدہ تفصیلات دستیاب ہونے کے فوراً بعد فراہم کر دی جائیں گی۔
حادثے کی اطلاعات پر خیبر پختونخوا کی مشیر اطلاعات ثمر ہارون بلور نے ایکس پر جاری ایک بیان میں کہا کہ ”اس افسوسناک واقعے میں باجوڑ کے نوجوانوں کی المناک اموات کی خبر سن کر انہیں دلی صدمہ پہنچا۔ اس سانحے سے متاثرہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کی شریک ہوں۔“
لیبیا میں تارکینِ وطن کی کشتی ڈوبنے کے افسوسناک واقعے میں باجوڑ کے نوجوانوں کی المناک اموات کی خبر سن کر دلی صدمہ پہنچا۔ اس سانحے سے متاثرہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کا شریک ہوں۔
اللہ تعالیٰ مرحومین کی مغفرت فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگوار خاندانوں کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔
آمین۔
— Samar Haroon Bilour (@SamarHBilour) November 25, 2026
نوٹ: خبر میں تفصیلات شامل کی جا رہی ہیں۔
