جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے آج سرگودھا میں طے شدہ کانفرنس کی راہ میں رکاوٹوں، کارکنوں کی گرفتاریوں اور قیادت کی نظر بندی کے خلاف ملک بھر میں احتجاج اور تمام شاہراہیں و موٹر ویز بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ویڈیو بیان میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ سرگودھا میں عظیم الشان کانفرنس کا اعلان بدستور برقرار ہے اور مختلف اطراف سے قافلے سرگودھا پہنچ رہے ہیں تاہم لاہور میں ان کی رہائش گاہ کے مرکزی دروازوں پر کنٹینرز کھڑے کر کے نقل و حرکت محدود کر دی گئی ہے۔
امیر جےیوآئی مولانا فضل الرحمان کا کارکنان و قوم کے نام اہم پیغام https://t.co/NzAnHTpRNh
— Jamiat Ulama-e-Islam Pakistan (@juipakofficial) November 26, 2026
انہوں نے اعلان کیا کہ وہ سرگودھا روانہ ہو رہے ہیں لیکن اطلاعات کے مطابق موٹروے اور سرگودھا جانے والے تمام راستے بند کر دیے گئے ہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے دعویٰ کیا کہ چشمہ، میانوالی، خوشاب اور فیصل آباد سمیت سرگودھا جانے والے راستے بند ہیں اور کرفیو جیسی فضا قائم ہے جبکہ پنڈال پربھی پولیس نے قبضہ کر رکھا ہے۔
امیر جے یو آئی (ف) کا مزید کہنا تھا کہ راولپنڈی سے ڈیرہ غازی خان تک مختلف اضلاع، سرگودھا اور خوشاب میں کارکنوں کو گرفتار کیا جارہا ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ جمعیت طلبہ اسلام کے سربراہ کو گرفتار کر لیا گیا ہے اس کے علاوہ مرکزی ناظم عمومی مولانا عبدالغفور حیدری اور صوبائی امیر جے یو آئی پنجاب مولانا امجد خان کو بھی نظر بند کردیا گیا ہے جبکہ سرگودھا کے امیر کے وکیل بیٹے کو گرفتار کر کے تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
مولانا فضل الرحمان نے تمام صوبوں کے عوام اور کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ گھروں سے نکل کر سڑکوں پر آئیں اور کوہستان و چترال سے لے کر بدین، تربت، مکران اور چمن تک ملک بھر کی سڑکیں بند کر کے جمہوری حق سے محرومی اور مبینہ آمرانہ ہتھکنڈوں کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرائیں۔
واضح رہے کہ آج لاہو ہائی کورٹ میں مولانا فضل الرحمان کی نظربندی کے خلاف دائر درخواست کی سماعت ہوئی تھی جس میں کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او) لاہور نے عدالت کو بتایا کہ ”ہم نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمان کو گرفتار کیا نہ وہ ہمیں مطلوب ہیں۔“
قبل ازیں 24 نومبر کو مولانا فضل الرحمان نے لاہور میں اپنے گھر سے ایک ویڈیو بیان جاری کیا تھا جس میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ ’اس وقت ریاستی حصار میں ہیں‘ اور لاہور کے تمام راستے بند ہونے کے باعث لاہور ہائی کورٹ بار کے وکلا سے براہِ راست خطاب نہیں کر سکیں گے۔
جبکہ دوسری جانب ڈپٹی کمشنر لاہور نے ہم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ مولانا فضل الرحمنٰ سے کسی قسم کا کوئی رابطہ ہوا نہ ہی انہیں کسی تھریٹ الرٹ کے بارے میں آگاہ کیا۔ مبینہ محاصرے کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ ”مولانا فضل الرحمان کی نظر بندی کے بھی کوئی احکامات جاری نہیں ہوئے۔“
یاد رہے کہ مولانا فضل الرحمان نے 11 اکتوبر کو خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کے بعد سے حکومت مخالف بیانات کا ایک سلسلہ شروع کر رکھا ہے جس میں ان کا مؤقف ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی صوبائی حکومت کے ساتھ مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل پر اتفاق ہو گیا تھا مگر وفاقی حکومت نے اس کے باوجود گورنر راج نافذ کر دیا۔
ان بیانات کے بعد مولانا فضل، ان کے صاحبزادے سابق وفاقی وزیر اسعد محمود اور جے یو آئی کے دیگر رہنماؤں کے خلاف مالی اور انتظامی تحقیقات کا آغاز ہوا جس پر پارٹی نے حکومت پر ’کریک ڈاؤن‘ اور ’انتقامی کارروائی‘ لانچ کرنے کے الزامات عائد کیے جنہیں حکومتی رہنما بے بنیاد قرار دیتے ہیں۔ اس کے بعد پارٹی نے 19 نومبر مولانا فضل الرحمان اور اسعد محمود سے ان کی ’تمام سکیورٹی‘ واپس لیے جانے کا دعویٰ کیا تھا۔
مولانا عبدالغفور حیدری سمیت 3 افراد کو حراست میں لینے کی تصدیق
علاوہ ازیں ریجنل پولیس آفیسر(آر پی او) سرگودھا سہیل سکھیرا نے رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالغفور حیدری سمیت 3 افراد کو حراست میں لینے کی تصدیق کی ہے۔
سہیل سکھیرا کے مطابق ملک اویس اور مولانا امجد خان بھی حراست میں لیے گئے ہیں۔ تینوں شخصیات کو سرگودھا میں ایک گھر سے حراست میں لیا گیا۔
آر پی او سرگودھا کا کہنا تھا کہ سرگودھا ڈویژن میں دفعہ 144 نافذ ہے۔ دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر تینوں افراد کو نوٹسز جاری کئے گئے ہیں ۔
گزشتہ شب ترجمان جے یوآئی (ف) اسلم غوری نے بھی دعویٰ کیا تھا کہ رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالغفور حیدری ،امیر پنجاب مولانا امجد خان اورمرکزی صدر جےٹی آئی ملک اویس کو پنجاب پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں انہوں نے کہا تھا کہ مولانا عبدالغفور حیدری کی صحت کے حوالے سے کسی بھی ناخوشگوار صورتحال کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔
سرگودھا جلسہ اور جےیوآئی رہنماؤں کی گرفتاریاں
رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالغفور حیدری ،امیر پنجاب مولانا امجد خان اور ،مرکزی صدر جےٹی آئی ملک اویس کو پنجاب پولیس نے گرفتار کر لیا ۔ترجمان جےیوآئی
حکومت ہوش کے ناخن لے فی الفور رہا نہ کیا تو حالات کی ذمہ داری پنجاب حکومت پر ہوگی ۔اسلم غوری
کیا ملک میں مارشل لاء لگ چکا ہے ؟ سیاسی اجتماعات پر پابندی کیوں لگائی جارہی ہے ؟ترجمان جےیوآئی
مریم بی بی خود تو جلسے جلوس کررہی ہے ؟ کیا اپوزیشن جماعتوں کو جلسوں کا حق حاصل نہیں ؟ اسلم غوری
آئین اور قانون کے دائرے میں رہ کر جدوجہد کرنے کو ہماری کمزوری سمجھا جا رہا ہے ۔ترجمان جےیوآئی
ہائبرڈ نظام کی جمہوریت کا چہرہ عیاں ہو گیا ہے۔اسلم غوری
مولانا عبد الغفور حیدری ممبر قومی اسمبلی ہیں ،کیا ان کی گرفتاری سپیکر قومی اسمبلی کی اجازت سے کی گئی ہے ؟ ترجمان جےیوآئی
حکومت فوری طور پر گرفتار رہنماؤں اور کارکنوں کو رہا کرے۔اسلم غوری
بغیر وارنٹ گرفتاریاں اس ملک کے جمہوری نظام کے منہ پر طمانچہ ہیں۔ اسلم غوری
مولانا عبدالغفور حیدری کی صحت کے حوالے سے کسی بھی ناخوشگوار صورتحال کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔ترجمان جےیوآئی
جےیوآئی کے دیگر عہدیداران کے گھروں پر بھی چھاپے مارے جارہے ہیں ۔ترجمان جےیوآئی
میڈیا سیل جے یو آئی پاکستان
— Jamiat Ulama-e-Islam Pakistan (@juipakofficial) November 25, 2026
لاہور اسلام آباد موٹروے احتجاجاً بند
ادھر جے یو آئی (ف) کے رہنما سینیٹر عطا الرحمان نے لاہور اسلام آباد موٹروے کو احتجاجاً بند کر دیا ہے۔
سینیٹرعطا الرحمان نے موٹروے کو بھیرہ انٹرچینج کے مقام سے بند کرکے دھرنا دے دیا جس سے موٹروے پر دونوں اطراف گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔
نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس نےتصدیق کی ہے کہ کوٹ مومن، سالم اور بھیرہ انٹرچینجز پرجاری احتجاج کے باعث ان انٹرچینجز سے آمدورفت تاحکمِ ثانی معطل ہے۔
TRAFFIC ALERT!
Due to an ongoing protest outside Kot Momin, Salam and Bhera Interchanges, approach from these interchanges is currently not accessible till further notice.
Commuters are advised to plan their journeys accordingly.
— National Highways & Motorway Police (NHMP) (@NHMPofficial) November 26, 2026
مسافروں اور شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے سفر کی منصوبہ بندی کرتے وقت اس صورتحال کو مدنظر رکھیں اور متبادل راستے اختیار کریں۔



