کویت میں ایرانی ڈرون حملے کے دوران طیاروں کا ملبہ گرنے کے نتیجے میں 2 اطالوی شہری ہلاک جبکہ پاکستانی سمیت 2 افراد زخمی ہو گئے۔
خطے میں کشیدگی کا سلسلہ فروری میں امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملوں کے بعد شروع ہوا تھا جس کے بعد خلیجی عرب ممالک بھی اس تنازع کے اثرات کی زد میں آ گئے۔ ایران کی جانب سے خطے میں موجود امریکی فوجی اڈوں پر حملے کیے جاتے رہے ہیں۔ ایران کا مؤقف ہے کہ یہ کارروائیاں ایرانی تنصیبات پر امریکی حملوں کے جواب میں کی جا رہی ہیں۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق اٹلی کے وزیر خارجہ انتونیو تاجانی نے جمعرات کو بتایا کہ متعدد ایرانی ڈرونز نے کویت میں فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا، جن میں فضائی دفاعی نظام کا ایک ریڈار اور نگرانی کا مرکز بھی شامل تھا۔ اس مقام پر روم میں قائم دفاعی کمپنی رائن میٹل اٹالیہ کے دو اطالوی تکنیکی ماہرین تعینات تھے۔
A nome del Governo esprimo vicinanza ai familiari delle due vittime italiane in Kuwait https://t.co/7Etds9tbWz
— Antonio Tajani (@Antonio_Tajani) November 26, 2026
کویت کی وزارت دفاع نے بھی 2 اطالوی شہریوں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ سے تعزیت اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
کویتی وزارت دفاع کے مطابق حملے میں ایک کویتی اور ایک پاکستانی شہری زخمی ہوئے، جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ ایرانی ڈرونز کو کویتی فضائی حدود میں مار گرایا گیا، تاہم ان کا ملبہ گرنے سے جانی نقصان کے علاوہ املاک کو بھی نقصان پہنچا۔
واقعے پر اٹلی کی وزیراعظم جارجیا میلونی نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ہلاک ہونے والے شہریوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کی ہے۔
Ho appreso nel corso dei lavori del Consiglio europeo la notizia della tragica morte dei due cittadini italiani nell’attacco avvenuto in Kuwait. Esprimo, a nome mio e del Governo, profondo cordoglio e rivolgo le più sentite condoglianze ai familiari delle vittime. La mia vicinanza va a tutte le persone coinvolte nell’attacco e alle loro famiglie.
— Giorgia Meloni (@GiorgiaMeloni) November 26, 2026
دوسری جانب ایران کی جانب سے کویت میں ہونے والے اس حملے پر تاحال کوئی فوری ردعمل سامنے نہیں آیا۔
خیال رہے چند روز قبل بھی ایران نے امریکی میزائل حملے کے بعد کویت کے ایک فوجی اڈے کو نشانہ بنایا تھا جہاں امریکی فوجی اہلکار تعینات ہیں۔ اس کے علاوہ چار روز پہلے ایران نے بحرین میں بھی ایک صنعتی تنصیب کو نشانہ بنایا تھا جس میں 2 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات تھیں۔



