پاکستان نے جوہری سلامتی کے شعبے میں بین الاقوامی تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
دفتر خارجہ کے جاری اعلامیے کے مطابق پاکستان کی جانب سے اس عزم کا اظہار پاکستان اور بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے اشتراک سے اسلام آباد میں جوہری سلامتی کی تربیت اور معاونت کے مراکز کے بین الاقوامی نیٹ ورک (این ایس ایس سی نیٹ ورک) کے 15ویں سالانہ اجلاس کے موقع پر کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق پاکستان اٹامک انرجی کمیشن (پی اے ای سی) کے چیئرمین ڈاکٹر راجا علی رضا انور نے سالانہ اجلاس کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان جوہری سلامتی کے شعبے میں بین الاقوامی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے تاکہ اس شعبے میں پائیدار اقدامات کو فروغ دیا جا سکے۔
چیئرمین اٹامک انرجی کمیشن نے کہا کہ جوہری سلامتی کے لیے مسلسل عالمی تعاون کی اہمیت اس بات سے بھی ظاہر ہوتی ہے کہ پاکستان 10 سال بعد دوسری مرتبہ این ایس ایس سی نیٹ ورک کے سالانہ اجلاس کی میزبانی کر رہا ہے۔
🔊PR No.3️⃣5️⃣2️⃣/2️⃣0️⃣2️⃣6️⃣
15th Annual Meeting of the NSSC Network Concludes in Islamabad
🔗⬇️ https://t.co/33KnlqIKPU
— Ministry of Foreign Affairs – Pakistan (@ForeignOfficePk) November 27, 2026
دفتر خارجہ کے مطابق 23 سے 26 نومبر تک جاری رہنے والے اس اجلاس میں 49 رکن ممالک کے نمائندوں اور بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں جوہری سلامتی کے شعبے میں تربیت اور معاونت کو مضبوط بنانے، بین الاقوامی تعاون بڑھانے اور تجربات کے تبادلے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے ڈویژن آف نیوکلیئر سکیورٹی کے یونٹ ہیڈ نے اجلاس کی میزبانی پر پاکستان کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس نے رکن ممالک کو اپنے تجربات اور مہارتوں کے تبادلے، قومی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے اور مستقبل کی ترجیحات کے تعین کے لیے ایک اہم موقع فراہم کیا۔
انہوں نے جوہری سلامتی کے شعبے میں آئی اے ای اے کے ساتھ پاکستان کی دیرینہ شراکت داری اور این ایس ایس سی نیٹ ورک کے مقاصد کے لیے اس کے مسلسل تعاون کو بھی سراہا۔
دفتر خارجہ کے جاری اعلامیے کے مطابق اجلاس کے پہلے روز پاکستان سینٹر آف ایکسی لینس فار نیوکلیئر سکیورٹی (پی سی ای این ایس) میں افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس میں پاکستان اور آئی اے ای اے کے اعلیٰ حکام نے خطاب کیا۔
اس موقع پر ایک یادگاری تختی کی نقاب کشائی بھی کی گئی جس کے ذریعے پاکستان کی جانب سے 2016 میں اس نیٹ ورک کے سالانہ اجلاس کی پہلی مرتبہ میزبانی کے 10 سال مکمل ہونے کی یاد منائی گئی۔
اجلاس کے دوسرے روز پاکستان نیوکلیئر ریگولیٹری اتھارٹی (پی این آر اے) کے ہیڈکوارٹرز میں خصوصی تقریب منعقد ہوئی جس میں پاکستان اور آئی اے ای اے کے درمیان جوہری سلامتی کے شعبے میں تعاون کے 20 سال مکمل ہونے کو اجاگر کیا گیا۔
اس موقع پر پاکستان کی مقامی صنعت میں تیار کردہ جوہری سلامتی کی ٹیکنالوجیز کی نمائش بھی کی گئی جس سے پاکستانی ٹیکنالوجی ماہرین کو آئی اے ای اے اور دیگر بین الاقوامی مندوبین کے ساتھ براہ راست تبادلہ خیال کا موقع ملا۔
تقریب میں پاکستان سینٹر آف ایکسی لینس فار نیوکلیئر سکیورٹی اور نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف سیفٹی اینڈ سکیورٹی (این آئی ایس اے ایس) کی پیشہ ورانہ تربیت، تحقیق اور صلاحیتوں میں اضافے کے لیے خدمات کو بھی اجاگر کیا گیا۔ واضح رہے کہ این آئی ایس اے ایس بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کا اشتراکی مرکز ہے۔
اجلاس کے دوران مندوبین نے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز (پی آئی ای اے ایس) کا دورہ بھی کیا جہاں انہیں جوہری انجینئرنگ، تحقیق، تعلیم اور تربیت کے شعبوں میں پاکستان کی صلاحیتوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ شرکا نے تکنیکی نشستوں، ماہرین کے مباحثوں اور مختلف موضوعات پر پیشکشوں میں بھی حصہ لیا جن میں جوہری سلامتی کے بدلتے ہوئے چیلنجز، اداروں کا استحکام، انسانی وسائل کی ترقی اور اس شعبے میں مستقبل کے بین الاقوامی تعاون پر گفتگو ہوئی۔
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے پہلی مرتبہ 2016 میں این ایس ایس سی نیٹ ورک کے سالانہ اجلاس کی میزبانی کی تھی، 10 سال بعد اس اجلاس کی دوبارہ پاکستان میں میزبانی جوہری سلامتی کے شعبے میں آئی اے ای اے کے ساتھ پاکستان کے مسلسل تعاون اور بین الاقوامی شراکت داری کی عکاسی کرتی ہے۔
