اسلام آباد: اپوزیشن کی تمام سیاسی جماعتوں نے حالیہ عام انتخابات کو رد کر دیا ہے۔
اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے سامنے مبینہ دھاندلی کے خلاف احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن رہنماؤں کا کہنا تھا کہ حالیہ انتخابات رائے عامہ کی نمائندگی نہیں کرتے۔
متحدہ مجلس عمل (ایم ایم اے) کے رہنما مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتیں جمہوریت پر شب خون برداشت نہیں کریں گی۔
مسلم لیگ نون کے سینئر رہنما راجہ ظفرالحق نے احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات میں جنہیں کامیاب قرار دیا گیا ہے، ہم انہیں رد کرتے ہیں کیونکہ یہ رائے عامہ کی نمائندگی نہیں کرتے، پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں اس بات پر متفق ہیں کہ یہ دھاندلی زدہ انتخابات ہیں۔
نون لیگ کے رہنما مشاہداللہ خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ انتخابی نتائج کے خلاف احتجاج اور جلسے جلوس ہوں گے۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما قمرالزمان کائرہ کا کہنا تھا کہ انتخابات میں بدترین دھاندلی کے خلاف مختلف جماعتیں بھرپور احتجاج کریں گی۔
پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے رہنما محمود خان اچکزئی نے کہا کہ احتجاجی مظاہرے میں عوامی شرکت سے لگتا ہے کہ عوام تحریک چلانے کے لیے تیار ہیں۔
مسلم لیگ نون کے رہنما جاوید ہاشمی نے کہا کہ عمران خان ایک مہرہ ہے جس پر انہیں رونا آ رہا ہے، وہ جو بات چار سال سے کہہ رہے تھے آج تمام جماعتیں وہی بات کر رہی ہیں۔
عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما میاں افتخار نے اس موقع پر الیکشن کمیشن سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا۔
الیکشن کمیشن کے باہر اپوزیشن کے احتجاج میں پیپلزپارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی، شیری رحمان، قمر زمان کائرہ، ایم ایم اے کے رہنما مولانا فضل الرحمن، نون لیگ کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق، احسن اقبال اور خواجہ محمد آصف کے علاوہ دیگر رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔