امریکی فوجی اڈے پر 13 افراد کے قتل کے جرم میں سزائے موت پانے والے سابق میجر نضال حسن نے سزا پر عملدرآمد رکوانے کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا۔ نضال حسن کی درخواست پر عدالت آج سماعت کرے گی۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق نضال حسن کی سزائے موت پر عملدرآمد ممکنہ طور پر رواں برس 3 دسمبر کو کیا جائے گا۔ امریکی فوج کے سرکاری اعلان کے مطابق نضال کو 3 دسمبر کو مقامی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے ٹیکساس کے فوجی اڈے فورٹ ہُڈ میں فائرنگ اسکواڈ کے ذریعے سزائے موت دی جائے گی۔
نضال حسن اس وقت ریاست کینساس کے فوجی اڈے فورٹ لیون ورتھ میں قید ہیں۔ امریکی قانون کے مطابق کسی قیدی کو سزائے موت کی تاریخ اور طریقہ بتائے جانے کے بعد اپنی سزا اور قید کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا حق حاصل ہوتا ہے۔ اس قانونی درخواست کو ’ہیبیئس کارپس‘ کہا جاتا ہے۔

رائٹرز کے مطابق نضال حسن نے گزشتہ روز عدالت میں درخواست دائر کی تھی جس میں انہوں نے عدالت سے اپنی سزائے موت پر عمل درآمد روکنے کی استدعا کی ہے۔ انہوں نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ وہ اپنی سزا کو عدالت میں چیلنج کرنا چاہتے ہیں۔ امریکی وفاقی جج انتھونی میٹیوی نے درخواست آج (بدھ) سماعت کے لیے مقرر کی ہے۔ اگر عدالت نے ان کی سزائے موت پر عمل درآمد روکنے کا حکم دے دیا تو اس پر عمل درآمد کئی ماہ یا برسوں تک مؤخر ہوسکتا ہے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے رواں برس اکتوبر میں نضال حسن کو فائرنگ اسکواڈ کے ذریعے سزائے موت دینے کی منظوری دی تھی۔ دوسری جانب امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے اعلان کیا تھا کہ سزائے موت کی کارروائی براہ راست نشر کی جائے گی۔ تاہم اس اعلان پر شدید ردعمل سامنے آنے کے بعد ٹرمپ نے نشریات کا منصوبہ ختم کردیا تھا۔
نضال حسن کون ہیں؟
نضال حسن 8 ستمبر 1970 کو امریکی ریاست ورجینیا کے شہر آرلنگٹن کاؤنٹی میں پیدا ہوئے تھے۔ ان کے والدین فلسطینی نژاد تھے اور امریکا ہجرت کرکے آئے تھے۔ نضال حسن نے 1988 میں ہائی اسکول سے فارغ التحصیل ہونے کے بعد امریکی فوج میں بطور سپاہی شمولیت اختیار کی۔
ابتدائی 3 سال فوج میں خدمات انجام دینے کے بعد انہوں نے تعلیم جاری رکھی اور 1997 میں فوج میں افسر بن گئے۔ بعد ازاں انہوں نے فوجی میڈیکل یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی اور امریکی فوج میں بطور ماہر نفسیات خدمات انجام دینے لگے۔
فوجی اڈے پر 13 افراد کا قتل
2009 میں انہوں نے ٹیکساس میں قائم فوجی اڈے ’فورٹ ہُڈ‘ کے ایک طبی مرکز میں لیزر گن سے فائرنگ کرکے 13 افراد کو قتل کر دیا تھا۔ ملٹری پولیس کی جوابی کارروائی میں وہ گولی لگنے سے زخمی ہو گئے تھے اور بعد ازاں مفلوج ہوگئے تھے۔ 2013 میں فوجی عدالت کی جیوری نے انہیں پہلے سے منصوبہ بندی کرکے 13 افراد کے قتل کا مجرم قرار دیا تھا۔
سزائے موت رکنے کے کتنے امکانات ہیں؟
رائٹرز کے مطابق امریکی فوج میں اس وقت 4 افراد سزائے موت کے منتظر ہیں۔ نضال حسن کے علاوہ ان میں صرف ایک شخص ایسا ہے جس کی سزائے موت کی منظوری امریکی صدر نے دی تھی اور اس کی تاریخ بھی مقرر کی گئی تھی۔ اس شخص کا نام رونالڈ گرے ہے۔
رونالڈ گرے کو دسمبر 2008 میں سزائے موت دی جانی تھی تاہم ایک جج نے عدالت میں درخواست دائر ہونے کے بعد اس کی سزائے موت غیر معینہ مدت کے لیے روک دی تھی۔ رائٹرز کے مطابق نضال حسن نے بھی اسی قانونی راستے کے ذریعے اپنی سزائے موت رکوانے کی کوشش کی ہے۔
’طالبان کا دفاع کرنا چاہتا تھا‘
نضال حسن نے اپنے فوجی مقدمے میں وکیل کی مدد لینے کے بجائے خود اپنا دفاع کیا تھا۔ رائٹرز کی 2013 کی ایک خبر کے مطابق نضال حسن اپنے مقدمے میں یہ مؤقف پیش کرنا چاہتے تھے کہ افغانستان میں امریکی فوج کی کارروائیاں غیر قانونی تھیں اور فورٹ ہُڈ کے فوجی افغانستان تعینات ہو کر طالبان قیادت کے لیے خطرہ بن سکتے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ طالبان رہنما ملا محمد عمر سمیت طالبان قیادت کا دفاع کرنا چاہتے تھے۔
رائٹرز کی ایک اور خبر کے مطابق فوجی عدالت کی جج نے نضال حسن کو یہ مؤقف پیش کرنے کی اجازت نہیں دی تھی۔ جج کا کہنا تھا کہ اس بات کا کوئی ثبوت نہیں کہ فورٹ ہُڈ میں موجود امریکی فوجیوں سے افغانستان میں طالبان قیادت کو فوری خطرہ لاحق تھا۔
گزشتہ روز دائر کردہ درخواست میں نضال حسن نے مؤقف اپنایا ہے کہ عدالت کی جانب سے انہیں اپنا یہ دفاع پیش کرنے سے روکنا ان کے آئینی حقوق کی خلاف ورزی تھی۔ انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ صدر ٹرمپ اور وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے سزائے موت کی تاریخ مقرر کرتے وقت فوجی قوانین کی خلاف ورزی کی۔ ان کے مطابق سزائے موت کی کارروائی براہ راست نشر کرنے کا اعلان بھی فوجی قواعد کے خلاف تھا۔
امریکن سول لبرٹیز یونین (اے سی ایل یو) کے ریاست کینساس کے وکلا نے نضال حسن کی جانب سے سزائے موت روکنے کی درخواست دائر کی ہے۔ درخواست کے مطابق حسن اس مقدمے میں بھی اپنا دفاع خود کریں گے۔ عدالت یہ فیصلہ کرے گی کہ ان کو دی گئی سزائے موت آئین کے مطابق ہیں یا نہیں۔
اے سی ایل یو کی ڈپٹی ڈائریکٹر اینا آرکینو کا کہنا ہے کہ فورٹ ہُڈ حملے میں ہونے والا تشدد ناقابل تصور اور انتہائی تکلیف دہ ہے تاہم حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان اصولوں پر عمل کرے جن پر امریکی نظامِ انصاف قائم ہے۔
یاد رہے کہ فورٹ ہڈ واقعہ کے بعد نضال حسن کے خلاف فوجی عدالت میں مقدمہ چلایا گیا تھا۔ 2013 میں انہیں 13 افراد کے قتل کا مجرم قرار دے کر سزائے موت سنائی گئی۔
رائٹرز کے مطابق امریکی فوج نے 1961 کے بعد کسی فوجی عدالت سے سزائے موت پانے والے شخص کی سزا پر عمل نہیں کیا گیا۔ اگر نضال حسن کی سزائے موت پر عمل درآمد ہوا تو وہ 1945 کے بعد امریکی فوج کی جانب سے فائرنگ اسکواڈ کے ذریعے سزائے موت پانے والے پہلے شخص ہوں گے۔
