پاکستان ،سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مشترکہ دفاعی معاہدہ طے پا گیا، جس کے تحت کسی ایک ملک پر مسلح حملہ تینوں ممالک پر حملہ تصور ہو گا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق مکہ مکرمہ میں سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کا مشترکہ دفاعی سربراہی اجلاس مکہ کے قصر الصفا ہوا،جس میں وزیراعظم شہباز شریف، ترک صدر طیب ایردوان اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان شریک ہوئے۔ تینوں ممالک نے مشترکہ سلامتی اور دفاعی تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس میں سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کی جانب سے مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے گئے، معاہدے کو مکہ ڈیفنس جوائنٹ ایگریمنٹ کا نام دیا گیا ہے، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان، وزیراعظم شہبازشریف اور ترک صدر رجب طیب اردوان نے دفاعی معاہدے پر دستخط کیے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق مشترکہ دفاعی معاہدہ خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ کے عزم کا عکاس ہے۔ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت دفاعی تعاون کے تمام شعبوں کو فروغ دیا جائے گا۔

ترجمان کے مطابق سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تاریخی برادرانہ اور اسلامی یکجہتی کے روابط مزید مستحکم ہونگے، تینوں ممالک نے مشترکہ مفادات اور دیرینہ دفاعی تعاون کو مزید آگے بڑھانے پر اتفاق کیا۔
قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان ملاقات ہوئی ، جس میں اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اورخواجہ آصف بھی شریک ہوئے۔
سعودی وزارت خارجہ کے مطابق معاہدہ تینوں ممالک کی اس مشترکہ سیاسی خواہش کا اظہار ہے کہ سلامتی اور استحکام کا تحفظ کیا جائے اور خطے کے لیے ایک زیادہ محفوظ ماحول تشکیل دیا جائے۔
ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے معاہدے کو اجتماعی دفاعی صلاحیت بڑھانے، دفاعی صنعت میں مشترکہ منصوبوں کے فروغ اور دہشت گردی کے خلاف تعاون کے لیے اہم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ کسی ملک کے خلاف نہیں بلکہ خطے کے امن، خوشحالی اور استحکام کے لیے ہے۔
پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان دفاعی روابط کئی دہائیوں پر محیط ہیں۔ تینوں ممالک کے درمیان فوجی تربیت، دفاعی تعاون اور دفاعی صنعت میں شراکت داری پہلے سے موجود ہے، جبکہ نیا معاہدہ ان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے رہنماؤں نے مکہ مکرمہ میں ایک ساتھ نماز جمعہ ادا کی۔ وزیراعظم شہباز شریف، سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے نماز جمعہ میں شرکت کی۔
اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیر دفاع خواجہ آصف سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے اور انہوں نے بھی نماز جمعہ ادا کی۔
نماز کے بعد خطے کے امن و استحکام، امت مسلمہ کی خوشحالی اور دنیا میں سلامتی کے قیام کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
