اسلام آباد: پاکستان نے سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ ہونے والے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے جنرل سیکرٹریٹ کے پہلے سیکرٹری جنرل کی تقرری کا اعلان کردیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق حکومت پاکستان نے لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ نعمان محمود، ہلال امتیاز (ملٹری) کو مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کا پہلا سیکرٹری جنرل مقرر کیا ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق سیکرٹری جنرل تینوں ممالک کے مشترکہ دفاعی اتحاد کے جنرل سیکرٹریٹ کی سربراہی کریں گے جو سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں قائم کیا جا رہا ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ نعمان محمود پاکستان آرمی سے تعلق رکھتے ہیں اور انہیں 1987 میں پاکستان ملٹری اکیڈمی سے تربیت مکمل کرنے کے بعد انفنٹری بٹالین میں کمیشن ملا، ان کا تعلق بلوچ رجمنٹ سے ہے جبکہ انہوں نے وار اسٹڈیز میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔
نعمان محمود نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ، کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج قاہرہ اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد سے بھی تعلیم حاصل کی۔

فوجی کیریئر کے دوران انہوں نے جنوبی وزیرستان میں پیرا بریگیڈ اور کشمیر میں انفنٹری بریگیڈ کی کمانڈ کی جبکہ ہیڈکوارٹرز 11 کور میں چیف آف اسٹاف اور کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ میں چیف انسٹرکٹر کے فرائض بھی انجام دیے۔
میجر جنرل کے عہدے پر انہوں نے شمالی وزیرستان میں 7 انفنٹری ڈویژن کی کمانڈ کی اور انٹر سروسز انٹیلی جنس کے اینالیسس ڈائریکٹوریٹ کے ڈائریکٹر جنرل بھی رہے۔
اپریل 2019 میں لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی کے بعد نعمان محمود نے جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں انسپکٹر جنرل کمیونیکیشن اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی برانچ کے طور پر خدمات انجام دیں۔
🔊PR No.2️⃣5️⃣9️⃣/2️⃣0️⃣2️⃣6️⃣
Press Release
🔗⬇️ pic.twitter.com/kzzhEa61oo
— Ministry of Foreign Affairs – Pakistan (@ForeignOfficePk) September 23, 2026
دسمبر 2019 میں انہیں پشاور میں قائم 11 کور کا کمانڈر مقرر کیا گیا جبکہ نومبر 2021 سے اپریل 2023 میں ریٹائرمنٹ تک وہ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کے صدر بھی رہے، وہ شمالی وزیرستان میں انفنٹری ڈویژن کے جنرل آفیسر کمانڈنگ بھی رہ چکے ہیں اور آپریشن ضربِ عضب میں حصہ لے چکے ہیں۔
مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ کیا ہے؟
پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مکہ میں اگست 2026 میں مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے گئے تھے، معاہدے کا بنیادی مقصد تینوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانا اور باہمی سلامتی کے انتظامات کو ادارہ جاتی شکل دینا ہے۔
معاہدے کے تحت تینوں ممالک نے مشترکہ دفاعی تعاون، باہمی سلامتی اور دفاعی روابط کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے، معاہدے پر عملدرآمد کے لیے ایک جنرل سیکرٹریٹ ریاض میں قائم کیا جا رہا ہے، جس کی سربراہی اب پاکستان کے نامزد کردہ پہلے سیکرٹری جنرل لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ نعمان محمود کریں گے۔
نعمان محمود کی تقرری کو معاہدے کے تحت طے کیے گئے ادارہ جاتی ڈھانچے کو فعال کرنے کی جانب اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے جبکہ تینوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کے عملی طریقہ کار اور مشترکہ سلامتی کے انتظامات کو مزید آگے بڑھانے کے لیے جنرل سیکرٹریٹ مرکزی کردار ادا کرے گا۔



