پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی 37 سال قبل پراسرار طور پر لاپتا ہونے والی پرواز پی کے 404 کے بارے میں ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے طالب علم فصیح علی نے پانچ ماہ کی تحقیق اور جدید سیٹلائٹ تصاویر کی مدد سے تاجکستان کے ایک دور افتادہ گلیشیئر پر ایسی مشکوک ساختوں کی نشاندہی کی ہے جو بظاہر کسی طیارے کے ملبے سے مشابہت رکھتی ہیں۔
فصیح علی کی اس تحقیق نے پاکستان کی تاریخ کے طویل ترین فضائی معموں میں شمار ہونے والے اس واقعے کو ایک مرتبہ پھر خبروں کا مرکز بنا دیا ہے۔
فصیح علی نے 5 ماہ کی تحقیق سے تاجکستان میں گلیشیئر پر ایسی ساختوں کی نشاندہی کی جو بظاہر طیارے کے ممکنہ ملبے سے مشابہت رکھتی ہیں
پی آئی اے کی پرواز پی کے 404 ایک مقامی مسافر پرواز تھی جو 25 اگست 1989 کو گلگت سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہوئی لیکن اپنی منزل پر پہنچنے کے بجائے راستے میں پراسرار طور پر لاپتا ہو گئی۔یہ طیارہ فوکر ایف 27 تھا، جس میں مجموعی طور پر 54 افراد سوار تھے، جن میں 49 مسافر اور عملے کے پانچ ارکان شامل تھے، مسافروں میں پانچ شیرخوار بچے بھی شامل تھے۔
حیدر آباد سے تعلق رکھنے والے طالب علم فصیح علی نے پی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں نے 2024 میں پی کے 404 سے متعلق ایک دستاویزی فلم دیکھنے کے بعد سیٹلائٹ تصاویر اور گوگل ارتھ کی مدد سے لاپتہ طیارے کی ممکنہ لوکیشن تلاش کرنے کا آغاز کیا۔
فصیح علی کا کہنا تھا کہ اپنی تحقیق میں، میں نے زیادہ آبادی والے علاقوں ،جنگلات اور کم بلندی کے پہاڑوں کو مائنس کر دیا ان علاقوں میں طیارہ کریش ہوتا تو آسانی سے مل سکتا تھا، مجھے تقریباً پانچ ماہ کے بعد پہلی دفعہ ایسا لگا کہ گلیشیئر میں ایک مسافر طیارے کی باڈی کا پتہ چلا کہ یہاں ہو سکتا ہے، مزید تجزیے کے بعد مجھے لگا کہ گلیشیئر کے اوپر کاک پٹ ، مسافر کمپارٹمنٹ اور طیارے کی دُم ہے۔
پی آئی اے کی لاپتہ پرواز پی کے404 کے 37 سال پرانے معمہ کو حل کرنے کیلئے کاوشیں
حیدرآباد کے طالب علم فصیح علی نے سیٹلائٹ تصاویر کی مدد سے پی آئی اے کی لاپتہ پرواز کے ممکنہ مقام کی نشاندہی کرلی
فصیح علی نے 5 ماہ کی تحقیق سے تاجکستان میں گلیشیئر پر ایسی ساختوں کی نشاندہی کی جو بظاہر طیارے کے ممکنہ ملبے سے مشابہت رکھتی ہیں
فصیح علی نے اپنی تحقیق سے متعلق بتایا کہ؛
دستاویزی فلم دیکھنے کے بعد سیٹلائٹ تصاویر اور گوگل ارتھ کی مدد سے لاپتہ طیارے کی ممکنہ لوکیشن تلاش کرنے کا آغاز کیا
ڈائریکٹر بیورو آف ایئرکرافٹ سیفٹی انویسٹی گیشن ایئر کموڈور احسن نعمان نے کہا کہ؛
نشاندہی کیے گئے ممکنہ مقام کی حقیقت جاننے کیلئے تمام ضروری تکنیکی اقدامات کیے جا رہے ہیں
پی آئی اے کی فلائٹ پی کے 404 ایک مقامی پرواز تھی جو 25 اگست 1989 کو گلگت سے اسلام آباد جاتے ہوئے لاپتہ ہو گئی تھی
— PTV News (@PTVNewsOfficial) November 26, 2026
انہوں نے حکومت سے درخواست کی ماہرین کو بلایا جائے اور ہم سب کو اس پر ریسرچ کرنی چاہیے تاکہ ہم لوگ کنفرم کر پائیں کہ یہ پی کے 404 ہے یا نہیں۔
اس پر ڈائریکٹر بیورو آف ایئرکرافٹ سیفٹی انویسٹی گیشن ایئر کموڈور احسن نعمان نے پی ٹی وی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ فصیح علی نے بڑی محنت کی ہے اور اسے بڑ ی لگن کے ساتھ ڈھونڈے کی کوشش کی ہے ، انہوں نے کہا کہ نشاندہی کیے گئے ممکنہ مقام کی حقیقت جاننے کیلئے تمام ضروری تکنیکی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس بارے میں ہم نے اسپارکو سے اچھے رزلٹ کی سیٹلائیٹ تصاویر کی درخواست کی ہے، پی آئی اے کے آرکائیو سیکشن سے اسٹرکچر ڈایا گرام کی درخواست بھی کی ہے۔
واضح رہے کہ ابھی تک یہ تصدیق نہیں ہوئی کہ گلیشیئر پر نظر آنے والی ساختیں واقعی پی آئی اے کے لاپتا طیارے کا ملبہ ہیں۔ اس لیے اس پیش رفت کو طیارے کی دریافت کے بجائے ایک ممکنہ مقام کی نشاندہی قرار دیا جا رہا ہے۔
25 اگست 1989، وہ پرواز جو منزل پر نہ پہنچ سکی
یو پی آئی سے دستیاب تاریخی ریکارڈ کے مطابق طیارہ گلگت سے اڑان بھرنے کے چند منٹ بعد ہی رابطے سے باہر ہوگیا۔ کپتان کا کنٹرول ٹاور سے آخری معلوم ریڈیو پیغام تھا:”I am reaching Bunji”
یعنی پائلٹ نے بتایا تھا کہ وہ بنجی کے قریب پہنچ رہا ہے۔ اس کے بعد طیارے سے کوئی قابلِ اعتماد رابطہ قائم نہ ہو سکا اور نہ ہی اس کے ریڈار یا مقام کے حوالے سے کوئی حتمی سراغ ملا۔
طیارے میں کون سوار تھا؟
یو پی آئی آرکائیو کے مطابق اس پرواز میں 49 مسافروں کے علاوہ پانچ رکنی عملہ موجود تھا۔ مسافروں میں پاکستانی شہریوں کے ساتھ دو امریکی شہری بھی شامل تھے۔
1989 میں امریکی اخبارات کی رپورٹوں کے مطابق ان مسافروں میں امریکی صحافی پال میک گورین اور کیلیفورنیا سے تعلق رکھنے والی ٹیچر ویدا کترینا سڈرس بھی شامل تھیں۔
طیارے کے لاپتا ہونے کے بعد اسلام آباد ایئرپورٹ پر مسافروں کے اہل خانہ اور عزیز و اقارب کی بڑی تعداد جمع ہوگئی تھی لیکن کئی دن کی تلاش کے باوجود کوئی حتمی اطلاع نہ مل سکی۔
طیارے کی تلاش کے لیے 1989 میں کیا کچھ کیا گیا؟
طیارے کی گمشدگی کے فوراً بعد پاکستان میں بڑے پیمانے پر فضائی اور زمینی سرچ آپریشن شروع کیا گیا، اس وقت دستیاب وسائل کے مطابق فوج، فضائیہ، پی آئی اے اور مقامی انتظامیہ نے مشترکہ طور پر تلاش کی کارروائیوں میں حصہ لیا۔
فضائیہ اور سول طیاروں نے سرچ آپریشن میں حصہ لیا، اس آپریشن میں پاک فضائیہ کے چار ہیلی کاپٹر شامل تھے۔ اس میں پاک فوج کے دو سی 130 طیاروں نے بھی حصہ لیا۔ اس کے علاوہ پی آئی اے کے دو طیارے بھی تلاش میں مصروف رہے۔
فضائی ٹیموں نے ہمالیہ کے دشوار گزار پہاڑی علاقوں اور طیارے کے متوقع فضائی راستے کا جائزہ لیا، بھارتی فضائیہ نے بھی لائن آف کنٹرول کے دوسری جانب اپنے علاقے میں تلاش کی کارروائی کی تھی۔
نانگا پربت کے علاقے میں 700 سے زائد اہلکاروں کی تلاش
جب فضائی آپریشن سے کوئی نتیجہ نہ نکلا تو یکم ستمبر 1989 کے قریب زمینی سرچ آپریشن کو مزید وسعت دی گئی۔
امریکی اخبار لاس اینجلس ٹائمز کی یکم ستمبر 1989 کی رپورٹ کے مطابق 700 سے زائد فوجی اہلکاروں اور علاقے سے واقف کوہ پیماؤں نے نانگا پربت کے اطراف میں تلاش شروع کی۔
یہ کارروائی اس اطلاع کے بعد اہمیت اختیار کر گئی تھی کہ دو برطانوی کوہ پیماؤں نے طیارے کی گمشدگی کے وقت ایک کم بلندی پر پرواز کرتے ہوئے جہاز کو دیکھنے کا دعویٰ کیا تھا۔
تلاش کا دائرہ گلگت اور نانگا پربت تک محدود نہیں رکھا گیا بلکہ چترال کے اطراف میں بھی فضائی سرچ کی گئی، اس کی وجہ ایک مقامی شخص کی جانب سے یہ اطلاع تھی کہ اس نے 25 اگست کی صبح علاقے میں ایک طیارہ دیکھا تھا۔
اس سرچ آپریشن میں سب سے بڑی رکاوٹ ہمالیہ کے دشوار گزار پہاڑ، برف سے ڈھکی چوٹیاں، خراب موسمی حالات اور محدود فضائی نگرانی کے وسائل تھے۔
26 اگست کی رپورٹ میں حکام نے بتایا تھا کہ طیارے کے متوقع راستے کے بیشتر حصوں کی تلاش کی جا چکی ہے، لیکن کوئی سراغ نہیں ملا۔
سرچ آپریشن کیوں بند کر دیا گیا؟
ستمبر 1989 میں کئی ہفتوں کی تلاش کے باوجود طیارے کا کوئی ملبہ، مسافروں کا سامان یا دیگر قابلِ شناخت شواہد نہیں مل سکے، 21 ستمبر 1989 کو امریکی اخبار لاس اینجلس ٹائمز نے رپورٹ کیا کہ پاکستانی حکام نے تلاش کا آپریشن ختم کر دیا ہے۔
اس وقت حکام کا خیال تھا کہ ممکن ہے طیارہ برف کے نیچے دب چکا ہو اور برف پگھلنے تک اس کا ملبہ نظر نہ آئے، سرچ ٹیموں کے لیے مسلسل دشوار گزار علاقوں میں کارروائی کرنا بھی خطرناک ہو رہا تھا۔
امریکی حکام کے حوالے سے شائع ہونے والی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ اگر کوئی نیا سراغ ملا تو تلاش دوبارہ شروع کرنے کا امکان موجود رہے گا۔
تاجکستان کے گلیشیئر پر ہی کیوں توجہ مرکوز ہوئی؟
تاجکستان کا بڑا حصہ پامیر کے بلند و بالا پہاڑی سلسلوں اور گلیشیئرز پر مشتمل ہے۔ یہاں کئی ایسے علاقے ہیں جہاں شدید برف باری، دشوار گزار جغرافیہ اور انتہائی کم درجہ حرارت کے باعث کسی حادثے کے بعد ملبہ طویل عرصے تک برف کے نیچے چھپا رہ سکتا ہے۔
اگر کسی طیارے کا ملبہ واقعی ایسے گلیشیئر پر موجود ہو تو وقت کے ساتھ برف اور گلیشیئر کی حرکت اس کی ظاہری شکل اور مقام کو تبدیل بھی کر سکتی ہے۔
اسی لیے صرف سیٹلائٹ تصویر میں کسی مشکوک ساخت کا نظر آنا اس بات کا ثبوت نہیں کہ وہ طیارے کا ملبہ ہے۔ اس کے لیے جدید فضائی تصاویر، جغرافیائی تجزیے اور موقع پر جا کر معائنہ ضروری ہوگا۔
اگر طیارہ مل گیا تو کیا 37 سال پرانے حادثے کی وجہ بھی معلوم ہو سکے گی؟
اگر واقعی پی کے 404 کا ملبہ دریافت ہو جاتا ہے تو یہ پاکستان کی فضائی تاریخ کی ایک بڑی پیش رفت ہوگی۔طیارے کے ملبے سے کئی اہم سوالات کے جوابات مل سکتے ہیں، البتہ 37 سال گزرنے کے بعد بلیک باکس یا کسی دوسرے ریکارڈنگ آلے کا قابلِ استعمال حالت میں ملنا یقینی نہیں۔ اسی طرح حادثے کی حتمی وجہ کا تعین ملبے اور دیگر شواہد کے سائنسی تجزیے کے بعد ہی ممکن ہوگا۔
اس واقعے کا سب سے دردناک پہلو ان 54 افراد کے اہل خانہ کا انتظار ہے جو 25 اگست 1989 کو گلگت سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہوئے تھے لیکن کبھی اپنی منزل پر نہ پہنچ سکے۔
ان خاندانوں کے لیے یہ صرف ایک طیارے کی گمشدگی کا معاملہ نہیں بلکہ اپنے پیاروں کے انجام، حادثے کی حقیقت اور ان کی آخری آرام گاہ کے بارے میں کئی دہائیوں سے جاری سوال ہے۔
پی کے 404 کی کہانی ابھی ختم نہیں ہوئی۔ فصیح علی کی تحقیق نے 37 سال پرانے معاملے میں ایک نئی امید ضرور پیدا کی ہے لیکن اصل کامیابی اس وقت ہوگی جب متعلقہ ادارے تاجکستان میں نشاندہی کردہ مقام کا معائنہ کرکے ملبے کی شناخت اور اس کا پی آئی اے کے لاپتا طیارے سے تعلق ثابت کر دیں گے۔
اگر فصیح علی کی نشاندہی درست ثابت ہو جاتی ہے تو ممکن ہے کہ تقریباً چار دہائیوں سے قائم یہ معمہ بالآخر حل ہونے کی جانب بڑھ جائے۔



