آئرلینڈ کی مینز کرکٹ ٹیم آئندہ برس جنوری میں پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کرے گی جہاں دونوں ملکوں کے درمیان 3 ایک روزہ انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریز کھیلی جائے گی۔
آئرلینڈ کی مینز کرکٹ ٹیم کے پہلے دورہ پاکستان کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق مہمان ٹیم 9 جنوری کو لاہور پہنچے گی۔
پی سی بی کے مطابق آئرلینڈ کی ٹیم پہلے ’شاہینز‘ کے خلاف 3 میچز کھیلے گی۔ شیڈول کے مطابق آئرلینڈ اور شاہینز کے درمیان پہلا میچ 13 جنوری، دوسرا 15 جنوری جبکہ تیسرا میچ 17 جنوری کو کھیلا جائے گا۔
Ireland to embark on maiden tour of Pakistan
Details here ➡️ https://t.co/0dmI7Kj5gw
#PAKvIRE https://t.co/swDQGhgoJV
— PCB Media (@TheRealPCBMedia) November 26, 2026
آئرلینڈ اور پاکستان قومی ٹیم کے درمیان ون ڈے سیریز کا آغاز 20 جنوری سے ہو گا، دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا میچ 22 جنوری جبکہ تیسرا اور آخری ون ڈے 24 جنوری کو کھیلا جائے گا۔
دورے کے تمام 6 میچز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ڈے میچز کے طور پر کھیلے جائیں گے جبکہ میچز کے اوقات کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
کرکٹ آئرلینڈ کے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس گریم ویسٹ نے پاکستان کے دورے کو اپنی ٹیم کی تیاریوں کے لیے انتہائی اہم قرار دیا ہے۔
ان کے مطابق آئرلینڈ کی ون ڈے ٹیم فروری 2027 میں ہونے والے آئی سی سی ورلڈ کپ کوالیفائر میں شرکت سے قبل پاکستان کے خلاف 6 مزید 50 اوورز کے میچز کھیلے گی جس سے کھلاڑیوں کو تیاری کا موقع ملے گا۔
گریم ویسٹ کا کہنا ہے کہ دونوں کرکٹ بورڈز نے ابتدا میں ملٹی فارمیٹ سیریز کھیلنے کا منصوبہ بنایا تھا تاہم آئندہ ورلڈ کپ اور کوالیفائر کی تیاریوں کو مدنظر رکھتے ہوئے صرف 50 اوورز کے میچز کھیلنے پر اتفاق کیا گیا۔
انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ اور اس کے کھلاڑیوں کے ساتھ آئرلینڈ کے دیرینہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ تاریخی دورہ دونوں ملکوں کے درمیان مستقبل میں مزید کرکٹ سیریز کا آغاز ثابت ہوگا۔
پاکستان اور آئرلینڈ نے اب تک کتنے میچز کھیلے؟
پاکستان اور آئرلینڈ کی مینز ٹیمیں اب تک 7 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیل چکی ہیں جن میں پاکستان نے 5 جبکہ آئرلینڈ نے ایک میچ جیتا ہے اور ایک مقابلہ برابر رہا۔
یاد رہے کہ آئرلینڈ کی مینز کرکٹ ٹیم پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کرے گی تاہم آئرلینڈ کی خواتین کرکٹ ٹیم 2022 میں پاکستان کا دورہ کرچکی ہے اور اس دوران آئرلینڈ ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی سیریز بھی اپنے نام کی تھی۔
دوسری جانب پاکستان نے گزشتہ ماہ شاہین شاہ آفریدی کی قیادت میں راولپنڈی اور لاہور میں کھیلی گئی ون ڈے انٹرنیشنل سہ ملکی سیریز جیتی تھی جس میں انگلینڈ اور سری لنکا کی ٹیمیں بھی شریک تھیں۔ پاکستان نے فائنل میں سری لنکا کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔



