پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان میں مختلف کارروائیوں کے دوران 12 دہشت گرد ہلاک ہو گئے ہیں۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق کارروائیاں نوشکی، سبی، پنجگور اور کیچ میں خفیہ اطلاعات پر کی گئیں ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق نوشکی میں 20 نومبر کو دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو ہدف بنایا گیا جہاں فائرنگ کے تبادلے میں 8 دہشتگرد ہلاک ہوئے جن سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔اسی طرح سبی میں 21 نومبر کو کارروائی میں 2 دہشتگرد ہلاک ہوئے جبکہ پنجگور اور کیچ میں کارروائیوں کے دوران مزید 2 دہشتگرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان میں ہلاک دہشتگردوں کا تعلق فتنہ الہندوستان سے تھا۔ ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے کارروائیاں جاری رہیں گی۔
صدر، وزیراعظم، وزیرداخلہ کا سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
صدر آصف زرداری نے بلوچستان میں کامیاب آپریشنز پرسکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور دہشت گردوں کو انجام تک پہنچانے پر ان کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کی مسلسل کامیابیاں ان کے عزم کا مظہر ہیں۔ سرگرم دہشت گرد عناصر کا مکمل خاتمہ قومی سلامتی کیلئےناگزیر ہے۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری کا بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بھارتی پشت پناہی میں سرگرم دہشت گردوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین۔
صدرِ مملکت نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کے خلاف مؤثر کارروائیوں اور دہشت گردوں کو انجام تک پہنچانے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہا۔
دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی مسلسل کامیابیاں ملک کے امن و استحکام کے لیے ان کے عزم اور قربانیوں کا مظہر ہیں، صدرِ مملکت
فتنۃ الہندوستان اور بیرونی پشت پناہی میں سرگرم دہشت گرد عناصر کا مکمل خاتمہ قومی سلامتی کے لیے ناگزیر ہے، صدر زرداری
پاکستان کے ہر علاقے سے بیرونی سرپرستی اور معاونت میں سرگرم دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں جاری رہیں گی، صدر زرداری
— The President of Pakistan (@PresOfPakistan) November 26, 2026
وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی بلوچستان میں کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردی کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کامیابیاں قابل فخر ہیں۔
وزیراعظم کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔ قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اپنی بہادر سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان میں امن و ترقی دشمنوں کو ہر صورت ناکام بنائیں گے۔ شہداء اور غازیوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان میں کامیاب آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کی ستائش کی اوران کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ خارجیوں کے ناپاک عزائم ناکام بنانے پرسکیورٹی فورسز کے بہادر سپوتوں پر فخر ہے۔
محسن نقوی کا اپنے بیان میں مزید کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں قومی سلامتی کے تحفظ کے عزم کی عکاس ہیں۔قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔
